بختیار کاظمی
سرنکوٹ// سرنکوٹ کے بفلیاز علاقہ میں مقامی سرپنچ کی قیادت میں مکینوں نے محکمہ صحت بالخصوص پرائمری ہیلتھ سنٹر کے ملازمین کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔مظاہرین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ 4مئی کو دیرہ گلی کے مقام پر ایک ایکو گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے بعد زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن پرائمری ہیلتھ سنٹر بند ہونے کی وجہ سے ایک نوجوان کی موت واقعہ ہو گئی ۔مظاہرین نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین کی عدم موجودگی کی وجہ سے نوجوان اپنی زندگی کی جنگ ہار گیا جبکہ اگر ہسپتال بند نہ ہوتا تو نوجوان کی جان بچائی جاسکتی تھی ۔انہو ں نے بتایا کہ پرائمری ہیلتھ سنٹر کے بند ہونے کی وجہ سے نوجوان کو شدید زخمی حالت میں سرنکوٹ لایا گیا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ بیٹھا ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ حادثے کے دن مذکورہ پرائمری ہیلتھ سنٹر میں کوئی ایمبولینس بھی دستیاب نہیں تھی ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ پرائمری ہیلتھ سنٹر کے بند رہنے کے معاملہ کی تحقیقا ت عمل میں لائی جائے جبکہ ڈیوٹی میںکوتاہی کرنے والے ملازمین کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔