پرویز احمد
سرینگر //محکمہ صحت و طبی تعلیم نے پچھلے2، 3سال سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے بغیر کسی سرکاری اجازت کے رخصت پر گئے ڈاکٹروں کو حکومت کی جانکاری کے بغیر واپس تعینات کرنے کا سنجیدہ نوٹس لیا ہے اور ڈاکٹروں کو بغیر اجازت ڈیوٹیوں پر واپس آنے کی اجازت دینے پر روک لگا دی گئی ہے۔ محکمہ صحت و طبی تعلیم نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان سے کہا ہے کہ 2سے 3سال ڈیوٹیوں سے غیر قانونی طور پر غیر حاضر ڈاکٹروں کو واپس جوائن کرنے کی اجازت دینا ان کے حد اختیار سے باہر ہے۔ اس سلسلے میں تمام شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وضع کردہ قوائد و ضوابط پر عمل کرے۔افسران سے کہا ہے کہ وہ غیر قانونی اور بغیر اجازت ڈیوٹیوں سے غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کو از خود ڈیوٹی پر جوائن کرنے کی اجازت نہ دیں بلکہ پہلے انتظامی محکمہ سے اجازت طلب کریں۔ حکم نامہ میں تمام سربراہان سے کیا گیا ہے کہ وہ ان ڈاکٹروں کا کیس نظر ثانی کیلئے جوائن کروانے سے ایک ہفتہ پہلے جائزے کیلئے ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کو بھیجیں۔ حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام سربراہان، فیلڈ افسروں اور ڈی ڈی اوز کوہدایت دی جاتی ہے کہ وہ غیر حاضر رہنے والے ڈاکٹروں کے بارے میں ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کرے ورنہ قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور ڈی ڈی اوز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔