عظمیٰ نیوز سروس
بسوہلی//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے پورتھو کا دورہ کیا اور جاری بسوہلی مہااُتسو میں شرکت کی۔ اُنہوں نے شہریوں کی بڑی تعداد کے ساتھ بسوہلی کے شاندار ورثے کو منانے کے لئے شمولیت اِختیار کی۔لیفٹیننٹ گورنرنے اَپنے خطاب میںجموں و کشمیر اِنتظامیہ اور اِندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس (آئی جی این سی اے) کو خطے کی ثقافتی اور تاریخی شناخت اور بسوہلی کے دستکاری اور فن کو مقبول بنانے کے لئے ان کی اِجتماعی کوششوں پر مُبارک باد دی۔اُنہوں نے کہا کہ اس منفرد کاوش کا مقصد فن کاروں اور بنکروں کی کاریگری کو فروغ دینا ہے تاکہ ان کی انمول مصنوعات کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جائے اور سراہا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بسوہلی مہااُتسو کو ملک کے منفرد ثقافتی اور فنکارانہ ورثے کا گہوارہ بنانے میں ان کے تعاون کے لئے میں شراکت دار کا بے حد مشکور ہوں۔ہر اسٹیک ہولڈر کا بے حد مشکور ہوں۔
اُنہوں نے بسوہلی میںیوٹی اِنتظامیہ کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بسوہلی مصوری، پشمینہ اور دیگر مقامی مصنوعات کے فروغ کے لئے تمام ضروری مدد فراہم کرے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی جی کی رہنمائی میں ہم ان فنکاروں اور دستکاروں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہے ہیں جنہوں نے انمول ورثے اور متنوع ثقافتی روایات کو محفوظ رکھا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بسوہلی کی اِنفرادیت عالمی شہرت یافتہ مصوری میں خوبصورتی سے ظاہر ہوتی ہے جس نے پہاڑی آرٹ کو نئی جہت دی اور اَپنا منفرد اَنداز تخلیق کیا۔لیفٹیننٹ گورنرنے کہا کہ یہ پشمینہ اون سمیت دیگر تخلیقی روایات کا مرکز بھی ہے جو پیداواری عمل، تیار شدہ مصنوعات پر نازک بنائی اور کڑھائی کے کام کی وجہ سے بے مثال اور منفرد ہے اور مثالی مہارت اور فنکارانہ صلاحیتوں کی کی عکاسی کرتی ہے۔اُنہوں نے کہا دونوں خصوصی مصنوعات ’’بسوہلی مصوری اور پشمینہ‘‘ نے عالمی منڈی تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے جی آئی رجسٹریشن حاصل کی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ٹویڈ پھولکاری، سٹیپل ایمبرائیڈری اور بانس کرافٹ کی مقامی مصنوعات کو بہتر مارکیٹ روابط فراہم کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے کہ ترقی کے فوائد ان کنبوں کے گھروں تک پہنچیں جو روایتی فن اور دستکاری سے وابستہ ہیں۔اُنہوںنے عوامی نمائندوں، مقامی باشندوں اور تمام شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ بسوہلی کی اقتصادی ترقی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لئے سیاحت اور دیگر تاریخی اہمیت کے حامل مقامات کو فروغ دینے کے لئے حکومت کی کوششوں کی تکمیل کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ بسوہلی کی رام لیلا کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی جانی چاہیے اور علاقے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو راغب کرنے کے لئے باقاعدہ میلوں کا اَنعقاد کیا جانا چاہیے۔اُنہوں نے عوامی نمائندوں کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اِنتظامیہ عوان کی ترقیاتی ضروریات کے تئیں حساس ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بسوہلی میں واٹر سپورٹس سینٹرتیار ہے اور جلد ہی اس کا اِفتتاح کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے وشوستھالی پر ایک مونوگراف جاری کیا اور بسوہلی اُتسو پرفارم کرنے والے مقامی فنکاروں کی سراہنا کی۔اُنہوں نے دستکاروں، بنکروں، صنعت کاروں اور خواتین اَفراد کی جانب سے لگائے گئے سٹالوںکا دورہ کیا تاکہ عصری آرٹ، دستکاری اور ضیافتوں کی نمائش کی جا سکے۔ اُنہوں نے چوڈامانی سنستھان کے دستکاروں اور طلباء سے بھی بات چیت کی۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے ماڈل ہائیر سکینڈری سکول بسوہلی میں رو درکش کا پودا لگایا۔