رینگر // لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے دربہ گام پلوامہ میں فورسز کی بے ہنگم فائرنگ،اشٹنگو بانڈی پورہ،بٹہ پورہ یاری پورہ کولگام،سعد پورہ پائین شوپیان میں فوج اور ایس او جی کے شبانہ حملوںنیز گاندربل میں کئی درجن جوانوں کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارتی حکمرانوں اورپی ڈی پی کی واضح اور صریح بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے کیونکہ یہ لوگ جبر و تشدد سے کشمیریوں کو زیر کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور کشمیریوں کی آواز حق کو دبا نہیں پائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کا مقصد لوگوں کو خوف زدہ کرکے تحریک آزادی سے دور کردینا ہے اور آواز خلق کو دباکر یہاں قبرستان کا امن قائم کرنا ہے۔ لبرشن فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ ماہ صیام کے مقدس ایام میں رات کی تاریکی کے اندران حملوں نے ایک بارپھر واضح کردیا ہے کہ جموں کشمیر میں اگر کوئی دہشت گرد ہے تو وہ فوج اور فورسز ہی ہیں۔چیئرمین نے کہا کہ نام نہاد پی ڈی پی حکمرانوں کی اس مار پیٹ اور عوام پر حملوں پر مجرمانہ خاموشی اس بات کا اعلان ہے کہ یہ لوگ اس فوجی و پولیس کے حمایتی ہیں اور یہ حملے دراصل انہی کی ایماء پر کئے جارہے ہیں۔