اِکز اقبال
رمضان المبارک کے متبرک ایام میں بندہ اپنی روح کو پاک کرتا ہے، صبر اور تقویٰ اختیار کرتا ہے اور اللہ کی رحمتیں سمیٹنے کی جستجو کرتا ہے۔ لیکن بدقسمتی سےہمارے معاشرے میں ان ایام کو نیکیوں اور برکتوں کے حصول کے بجائے ناجائز منافع خوری اور موقع پرستی کا ذریعہ بنا لیا گیا ہے۔صیام کا مقصد قربانی، ایثار اور ہمدردی ہے مگر ہمارے بازاروں میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ جیسے ہی رمضان سایہ فگن ہوجاتا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں من مانا اضافہ ہو جاتا ہے، جو چیز عام دنوں میں سستے داموں دستیاب ہوتی ہے، وہی رمضان میں دوگنےاور تگنےداموں میں فروخت کی جاتی ہے۔ یہ رویہ رمضان کے اصل مقصد کے سراسر خلاف ہے۔
افسوسناک امر یہ ہے کہ کچھ دکاندار ان مقدس ایام کو موقعہ پرستی کا ذریعہ بناکربے جا ناجائزمنافع خوری پر اُتر آتے ہیں اور عوام کے ساتھ استحصال کرتے ہیں۔ روز مرہ استعمال ہونے والی تمام اشیاء خوردنی کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگتی ہیں، جس کا سب سے زیادہ اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے۔ ایک طرف روزے کی بھوک اور پیاس، دوسری طرف مہنگائی کا عذاب ۔اس سے روزوں کی اصل روح کو مجروح ہوجاتی ہے۔اسلامی تعلیمات ہمیں تجارت میں دیانت اور ایمانداری کا درس دیتی ہیں۔ حضور اکرمؐ نے فرمایا:’’تاجر جو سچائی اور دیانت داری سے کام کرتا ہے، قیامت کے دن انبیاء، صدیقین اور شہداء کے ساتھ ہوگا۔‘‘ (ترمذی)۔ایک سچا مسلمان تاجر وہ ہوتا ہے جو منصفانہ قیمتوں پر چیزیں بیچتا ہے، دوسروں کی ضروریات کا خیال رکھتا ہے اور ناجائز منافع خوری سے بچتا ہے۔ مگر ہمارے ہاں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ ہوناتو یہ چاہیے کہ چیزوں کو کم سے کم منافع پر بیچا جائے تاکہ غرباء بھی آسانی سے گھر کے لئے اخراجات لے جاسکیں۔ ماہِ رمضان المبارک کا مہینہ بہرحال ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنا سکھاتا ہے۔دکانداروں کو چاہیے کہ وہ اپنی نیتوں کو دُرست کریں اور ناجائز منافع خوری سے بچیں۔ حکومت اور سماجی تنظیموں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مستحکم رہیںاور کسی چیز کی مصنوعی قلت پیدا نہ کی جاسکے۔ صارفین کو بھی چاہیے کہ وہ ضرورت سے زیادہ خریداری نہ کریں تاکہ مارکیٹ میں عدم توازن پیدا نہ ہو۔
اگر ہر دکاندار اپنی نیت دُرست کر لے اور رمضان کو محض زیادہ کمائی کا ذریعہ بنانے کے بجائے ایک عبادت سمجھ کر ایمانداری، دیانت اور ہمدردی سے کاروبار کرے، تو کوئی غریب بھوکا نہیں سوئے گا اور ہر شخص اس بابرکت مہینے کی حقیقی خوشبو کو محسوس کرے گا۔اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی اصل روح کو سمجھنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین
رابطہ۔7006857283 [email protected]