عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن //امریکی ریاست ورجینیا میں برفانی طوفان کا خطرہ بڑھنے پر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے طوفان کے دوران بجلی کی طویل بندش سے بھی خبردار کیا ہے۔ ورجینیا اور ویسٹ ورجینیا کے بیشتر علاقوں کو سفر کے لیے بھی پرخطر قرار دیا گیا ہے۔ادھر مغربی آسٹریلیا (ڈبلیو اے ) کے شمالی ساحل پر ایک گردابی طوفان بن گیا ہے اور حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ جمعہ کو زمرے کے تین طوفان کے طور پر لینڈ فال کرے گا۔یہ طوفان مغربی آسٹریلیا کے لیے ایک اہم خطرہ ہے اور لوگوں کو اس کے اثرات کے لیے تیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔آسٹریلیا کے بیورو آف میٹرولوجی (بی او ایم ) نے بدھ کے روز گردابی طوفان زیلیا کو بحر ہند میں کیٹیگری ون سسٹم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ طوفان مغربی آسٹریلیا کے شمال مغربی کمبرلے ساحل پر بروم شہر سے 280 کلومیٹر مغرب میں اور پیلبارا کے علاقے میں پورٹ ہیڈلینڈ سے 320 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔بی او ایم نے کہا کہ طوفان پیلبارا کے مشرقی حصوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔