یو این آئی
لندن// برطانیہ میں برفباری اور شدید سردی کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یارک شائر، اسٹیفورڈ شائر، ڈربی شائر سمیت ویلز اور اسکاٹ لینڈ کے علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔برطانیہ میں شدید برفباری کے باعث فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا ہے اور پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔جبکہ کئی اہم شاہراہوں پر برف کے باعث ٹریفک متاثر ہے ۔حکام کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ لوگ غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ درجہ حرارت منفی 10 سے 15 ڈگری تک گرسکتا ہے ۔ عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔ادھر کینیڈا کے صوبے البرٹا میں خون جما دینے والی سردی کے باعث کھولتا پانی ہوا میں جاتے ہی برف بن گیا۔شدید سردی کے باعث فرائی پین میں انڈا تلنے سے قبل ہی جم گیا، نوڈلز بھی جم گئے ۔کینیڈا کے صوبے البرٹا میں شدید سرد موسم میں پارہ منفی 43 ڈگری تک گر گیا۔