سمت بھارگو
راجوری//دیہات میں معیاری سڑکیں تعمیر کرنے کے بلندو بانگ نعروں کے باوجود محکمہ تعمیرات عامہ ایک ایسی سڑک کی تعمیر میں بری طرح ناکام رہا ہے جوناگون مزار پر جانے والے عقیدت مندوں کی سہولیت کیلئے تعمیر کی جانی تھی تاہم اس زیر تعمیر سڑک کا کام ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے درمیان میں لٹکا ہوا ہے۔علاقے کے لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ناگون مزار اس علاقے کے مقدس مزارات میں سے ایک ہے جہاں جموں و کشمیر بھر سے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کے افسران کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے ابھی تک مذکور ہ مزار تک رابطہ سڑک نہیں پہنچائی جاسکی ۔مکینوں نے بتایا کہ اس مزار کو جوڑنے کیلئے ایک سڑک کی تعمیر کا کام ایک دہائی سے شروع کیا گیا تھا اور یہ سڑک زیارت شریف کے قریب پلولیاں ٹاپ سے دسل ۔کیری روڈ تک ہے اور کیری سے ناگو ن جا کرختم ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس سڑک کا کام انتہائی سست رفتاری کا شکار ہو گیا ہے جبکہ برسوں پہلے صرف کنکریٹ ڈالی گئی تھی جس کے بعد کوئی کام نہیں ہوا۔مقامی لوگوں نے مزید دعویٰ کیا کہ متعلقہ افسران کے ساتھ متعدد رابطے قائم کئے گئے ہیںلیکن انہوں نے ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے عوامی مشکل جوں کی توں ہی ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ مزار کے ساتھ ساتھ یہ زیر تعمیر سڑک ناگون گاؤں کو بھی جوڑتی ہے جہاں پر گنجان آبادی ہے۔انہوں نے جموں و کشمیر حکومت سے اس معاملے میں مداخلت کر کے سڑک کو جلداز جلد مکمل کروانے کی مانگ کی ۔رابطہ کرنے پر ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی راجوری، مقبول حسین نے بتایا کہ زیارت صادق صاحب اسٹینڈ تک اس سڑک کی تعمیر بارڈر ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام (BADP) کے تحت منظور کی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے مذکورہ سڑک پر کام رک گیا ہے ۔
برسوں بعد بھی ناگون مزار کو جوڑنے والی سڑک تشنہ تکمیل
