عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //صوبائی انتظامیہ کشمیر نے رام باغ نٹی پورہ سڑک پر ٹریفک جام کو کم کرنے کیلئے منگل کو برزلہ بنڈ روڈ کو کھول دیا جس سے مسافروں کو راحت کی سانس ملی۔اس سلسلے میںصوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے برزلہ بنڈ روڈ کا کام بروقت مکمل ہونے کے بعد اس کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو اس راستے سے یکطرفہ ٹریفک کا رُخ موڑنے کیلئے گرین سگنل دی۔انہوں نے وعدے کے مطابق برزلہ بنڈ روڈ کی بروقت تکمیل پر متعلقہ محکموں کو مبارکباد دی۔انہوں نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ دیگر منصوبوں کو بھی اسی جوش اور جذبے کے ساتھ مکمل کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل ہوسکے۔اس موقع پر کمشنر ایس ایم سی و سی ای او ایس ایس سی ایل، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی ، ایس ایس پی ٹریفک اور دیگر افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر صوبائی کمشنر نے بنڈ پر کام کا معائنہ کیا اور آر اینڈ بی حکام کو ہدایت دی کہ وہ اسے بروقت مکمل کریں جبکہ ٹریفک چلتی رہے گی۔ انہوں نے سڑک پر ٹریفک چلنے کے بعد پیدا ہونے والی رکاوٹوں کوبہتر کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوںنے کہا کہ سردی کے درجہ حرارت کی وجہ سے سڑک کی میکڈامائزیشن ابھی نہیں کی جا سکتی۔ درجہ حرارت بہتر ہونے پرہی ایسا ہی کیا جائے گا۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ مین سڑک پر ٹریفک کی روانی کو آسان بنانے کیلئے مصروف اوقات میں ٹریفک کا رخ موڑنے کے لئے اس متبادل راستے کو استعمال میں لایا جائے گا۔اس موقع پر مقامی لوگوں نے بنڈ روڈ کی ترقی نٹی پورہ میں ٹریفک جام کو ختم کرنے کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر صوبائی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔