عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں وکشمیر میں منگل کے روز دسہرہ (برائی پر اچھائی کی فتح)کا تہوار جو ش و خروش کے ساتھ منایا گیاجس دوران مندروں میں خصوصی پوجا پاٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس تہوار کو نو راتری یعنی نو راتیں بھی کہا جاتا ہے۔ منگل کی صبح سرینگر کے مندروں میں کشمیری پنڈتوں نے پوجا پاٹ کی تقریب میں شرکت کی، یہاں آنے والے بیرون ریاستوں کے عقیدتمندوں نے کہاکہ وہ بغیر کسی خوف کے اپنے مذہبی امور انجام دے رہے ہیں۔ وادی بھر میں’برائی پر اچھائی کی جیت‘ کا تہوار کشمیری پنڈتوں کے علاوہ غیر مقامی ہندئوں اور سیکورٹی فورسز نے بڑی دھوم دھام سے منایا۔شہر سرینگر کے سونہ وار کرکٹ سٹیڈیم کے باہری حصے میں سب سے بڑی تقریب منعقد ہوئی۔ اس میںبڑی تعداد میں کشمیری پنڈت سمیت غیر مقامی ہندئوں، سیکورٹی فورسز کے اہلکار اور انکے اہل خانہ شریک ہوئے اور انہوں نے راون کے 40فٹ اور کمبھ کرن کے 30فٹ کے مجسمے نذر آتش کئے ۔یہ دونوں مجسمے ایک روز قبل سرینگر پہنچائے گئے تھے۔راون کے پتلے کو جلانے کے موقعہ پر مسلمانوں کی بھی کافی تعداد موجود تھی۔