بدھل میں محکمہ صحت کی جانب سے کیمپ کا اہتمام

 راجوری//دیہات میں عوام کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے محکمہ ہیلتھ کی جانب سے بدھل میں ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔دور درازعلاقوں میں اعلیٰ معیاری صحت کی دیکھ بھال کی خدمات تک رسائی فراہم کرنے کی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے کوٹرنکہ کے گاؤں بدھل میں محکمہ صحت کی جانب سے ایک میگا ہیلتھ کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔اس کیمپ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کر کے مفت فوائد حاصل کئے جبکہ مذکورہ کیمپ کی نگرانی بلاک میڈیکل آفیسر کنڈی ڈاکٹر اقبال ملک نے کی۔اس دوران آیوشمان بھارت، صحت گولڈن کارڈ ایک ٹیم کے ذریعہ جاری کئے گئے جبکہ ڈاکٹروں کے ذریعہ میڈیکل چیک اپ اور علاج بھی فراہم کیا گیا جس میں صحت کی خدمات جیسے دانتوں کا چیک اپ، آنکھوں کا معائینہ کرنے کیساتھ ساتھ لیبارٹری خدمات بشمول تھوک کی جانچ و دیگر ٹیسٹو ں جیسی سہولیت بھی دستیاب رکھی گئی ۔ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کے ذریعہ غیر متعدی امراض (این سی ڈی) جیسے ہائی بلڈ پریشر اور ذیابیطس کی میڈیکل اسکریننگ کی گئی۔ایلوپیتھک اور آیوش ادویات سمیت تمام ادویات عوام کیلئے مفت دستیاب تھیں۔اس کے علاوہ عوام کو حکومت کی مختلف صحت اسکیموں جیسے کہ ABHA ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی، ٹیلی میڈیسن کی سہولیات، صحت کارڈ کے بارے میں آگاہی فراہم کی گئی۔کمیونٹی ہیلتھ آفیسر محمد ایوب لون نے مقامی لوگوں کو مذکورہ عملی اقدامات کے سلسلہ میں بیدار کیا ۔اس کیمپ میں تشکیل کردہ میڈیکل بورڈ نے مستحقین کو 125 میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹ، 30 لیبر سرٹیفکیٹ، 7 بیوہ سرٹیفکیٹ اور 2 بیماری کے سرٹیفکیٹ جاری کئے۔