یو این آئی
نئی دہلی// مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود اور دیہی ترقی کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے جمعرات کو کہا کہ حکومت کھاد اور بیج کے کاروبار میں کسانوں کو دھوکہ دینے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹے گی۔مسٹر چوہان اپنی وزارتوں کے افسران اور ملازمین کی ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ دارالحکومت کے پوسا میں میگا ‘کرماچاری سنکلپ سمیلن’ کا انعقاد کیا گیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ ‘نقلی کھاد، بیج اورجراثیم کش ادویات کے نام پر کسان لوٹتے رہے اور ہم دیکھتے رہے ، اب ایسا ہر گز نہیں ہوگا، ہم بے ایمان لوگوں کو نہیں چھوڑیں گے ‘۔ انہوں نے جمعرات کے روز اپنے محکموں کے تمام ملازمین پر زور دیا کہ وہ عوام الناس اور بالخصوص کسانوں کی زندگیوں کی بہتری کے لیے بھرپور خدمات سرانجام دیں۔انہوں نے کہا، ‘‘ہمارے لیے دن بہ دن بہتر کرنا ضروری ہے ، بے ضابطگیوں کو روکنا، کسانوں کو ہر طرح سے ریلیف فراہم کرنا، یہ ہمارا مقصد ہے ۔اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو لال قلعہ کی فصیل سے کی گئی ان کی تقریر کی یاد دلائی کہ ’حکومت کو فائلوں میں نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں دیکھا جانا چاہئے ۔‘ انہوں نے وزارت کے ملازمین سے کہا،آئیے ہم اس سمت میں عزم کے ساتھ آگے بڑھیں، زندگی کا ہر دن، ہر لمحہ اہم ہے ، اور اپنے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔مسٹر چوہان نے کہا کہ محکمہ زراعت، انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ (آئی سی اے آر) اور دیہی ترقی کی وزارت کا ملک کی ترقی میں اہم رول ہے ۔ انہوں نے کہا آج خوراک کے ذخائر بھر ے ہوئے ہیں، ہم چیلنجوں کا سامنا کرتے ہوئے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے ۔ ہم کسانوں اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ مل کر محنت کرکے تمام زرعی مصنوعات میں خود انحصار ہوں گے ۔