یو این آئی
جکارتہ//انڈونیشیا میں بدعنوانی کے خلاف جاری کریک ڈان کے دوران نائب وزیر برائے امیگریشن سلمی کریم کو امیگریشن دستاویزات کے اجرا میں مبینہ بے ضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انسدادِ بدعنوانی کے ادارے کے پی کے کے ترجمان بودی پراسیتیو نے جمعرات کو سلمی کریم کی گرفتاری کی تصدیق کی۔ترجمان کے مطابق مبینہ بدعنوانی 2023 سے 2024 کے دوران ہوئی، جب سلمی کریم سابق صدر جوکو ویدودو کے دورِ حکومت میں ڈائریکٹر جنرل برائے امیگریشن کے عہدے پر فائز تھے۔سلمی کریم سے بدھ کی شب کے پی کے کے دفتر میں تقریبا 10گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی، جس کے بعد جمعرات کی صبح انہیں ہتھکڑیاں اور قیدیوں کی مخصوص جیکٹ پہنا کر گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔