عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ وزیر اعظم کے طور پر اپنے تیسرے دور میں وہ ملک کو دنیا کی تین اعلیٰ معیشتوں میں لے جائیں گے۔ مدھیہ پردیش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے یہ بھی کہا کہ وہ بدعنوانی کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چھتیس گڑھ اور راجستھان میں لوگوں نے کانگریس کو اقتدار دیا، لیکن ان کے وزرائے اعلیٰ ’’ستہ‘‘ (بیٹنگ) اور کالا دھن پیدا کرنے میں ملوث پائے گئے۔مودی نے کہا کہ2014میں جب ہم اقتدار میں آئے تو ملکی معیشت 10ویں نمبر پر تھی۔جب یہ 5ویں پوزیشن پر پہنچی تو ہر کوئی حیران ہو کر ہندوستان کی طرف دیکھنے لگا۔مودی نے کہا کہ پی ایم کے طور پر اپنے تیسرے دور میں، وہ ملک کی معیشت کو دنیا کے ٹاپ تین میں لے جائیں گے۔پی ایم نے کہا کہ اگر کانگریس دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو ریاستوں میں 85 فیصد کمیشن سسٹم کام کرے گا جیسا کہ اس پارٹی کے ایک وزیر اعظم نے کہا تھا۔مودی نے یہ بھی کہا کہ کانگریس قائدین کہہ رہے ہیں کہ وہ غریب لوگوں کے لئے مفت راشن اسکیم کو پانچ سال تک بڑھانے کے اپنے وعدے کے بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ انہیں یہ گناہ کرنے دیں، میں لوگوں کے لیے اچھا کام کرتا رہوں گا۔