بلال فرقانی
سرینگر// جموں کشمیر حکومت نے مرکزی زیر انتظام خطے میں ہر سال5 اگست کو’’ بدعنوانی سے آزادی کے عزم کا دن‘‘ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس موقع کو تمام سرکاری دفاتر میں حلف برداری کی تقریبات کے ساتھ یاد کیا جائے گا جس میں تمام ملازمین عوامی زندگی اور دفاتر سے بدعنوانی کے خاتمے کا حلف لیں گے۔
آرڈر میں کہا گیا ہے’’ گزشتہ سالوں سے بدعنوانی کے خاتمے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ملازمین کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔‘‘حکم نامہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ہر سال 5 اگست کے بعد والے ہفتہ کو’’و یجی لنس آگاہی ہفتہ‘‘کے طور پر منایا جائے گا جس میں مختلف دفاتر،افسران،اداروں کی جانب سے بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی احتساب اور خدمات کو بڑھانے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر سیمیناروں اور ورکشاپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ حکم نامہ کے مطابق اس دوران ڈیجیٹل گورننس سے متعلق سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں انسانی مداخلت میں کمی کے علاوہ، عوامی دفاتر میں احتساب اور شفافیت کو بڑھانے کے لیے ’آئی ای سی‘کی سرگرمیاں بھی تقریبات کے دوران تمام ضلعی ہیڈ کواٹروں کے انتظامی دفاتر میں منعقد کی جائیں گی۔