کپوارہ /اشرف چراغ/ لنگیٹ میں فوج کی گشتی پارتی پر جنگجوئوں نے گھات لگا کر حملہ کیا جس کے بعد طرفین میں شدید جھڑپ ہوئی۔ادھر شوپیان میں جنگجوئوں کی ایک زیر زمین کمین گاہ دھماکے سے اڑا دی گئی جبکہ بانڈی پورہ میں تلاشیاں لی گئیں۔بدھ کو رات دیر گئے قریب 9بجکر 10منٹ پر 32آر آر نے بارہمولہ ہندوارہ شاہراہ پر بدرا پائین قاضی آباد کرالہ گنڈ لنگیٹ میں ناکہ لگایا تھا، جہاں انہیں جنگجوئوں کا گذر ہونے کی اطلاع ملی تھی۔اس موقعہ پر جنگجوئوں نے فوج کی ناکہ پارٹی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا،۔ واقعہ کے فوراً بعد پورے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا اور روشنی کا انتظام کر کے ناکہ بندی کی گئی۔واضح رہے یہ علاقہ بابا گنڈ، جہاں چار روز تک معارکہ آرائی ہوء تھی، محض 5کلو میٹر دور ہے۔ادھر فورسزنے سملر بانڈی پورہ میں تلاشی کارروائی کی۔44آر آر اور سپیشل آپریشن گروپ نے کنگنو شوپیان کا محاصرہ کیا اوت تلاشیاں لیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے تلاشی کارروائی کے دوران ایک زیر زمین کمین گاہ کا پتہ لگایا، تاہم اس وقت وہاں کوئی جنگجو موجود نہیں تھا البتہ کمین میں موجود کچھ قابل اعتراض چیزیں برآمدکی گئیں اور بعد میںاسے تباہ کیاگیا ۔ ادھر بانڈی پورہ کے نیو کالونی سملر علاقے کو فوج ،سی آر پی ایف اورایس او جی بانڈی پورہ نے جنگجوئوں کی موجود گی کے حوالے سے اطلاع موصول ہونے کے بعد محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی لی تاہم اس دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی اور نا ہی کوئی قابل اعتراض چیز برآمد ہوا ۔