سرینگر//گورنر کے مشیر کے۔ وجے کمار نے کہا ہے کہ بخشی سٹیڈیم پر جاری تجدیدی کام شدو مد سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات دستیاب رکھی جارہی ہیں۔مشیر نے ان خیالات کا اظہار یہاں18 ویں ایشین گیمز2018 میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔ یہ کھیلیں انڈونیشیا جکارتہ میں18 اگست سے منعقد ہورہی ہیں۔اس موقعہ پر امور نوجوان اور کھیل کود کے سیکریٹری سرمد حفیظ اور محکمہ کے دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔مشیر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سٹیڈیم کے تجدیدی کام کے لئے44 کروڑ روپے پہلے ہی واگذار کئے ہیں۔ سٹیڈیم کو 2014 کے تباہ کُن سیلاب سے نقصان پہنچا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست میں کھیل کود کے ڈھانچے کو ترقی دینے کی وعدہ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مختلف پروجیکٹوں پر تجدیدی کام جاری ہیں جن میں بخشی سٹیڈیم سرینگر اور ایم اے سٹیڈیم جموں کے تجدیدی کام بھی شامل ہیں۔وجے کمار نے کہا کہ بخشی سٹیڈیم کو فیفا کے قواعد کے مطابق ترقی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت فُٹ بال ٹرف کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ سٹیڈیم میں شائقین کی صلاحیت میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ وی آئی پی گیلری اور پویلین کے پانی کے نکاسی نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سٹیڈیم کے تجدیدی کاموں کے بعد اس کا شمار ملک کے بہترین سٹیڈیموں میں ہوگا۔اس سے قبل مشیر نے18 اگست کو انڈونیشیا جکارتہ میں منعقد ہونے والے ایشین گیمز2018 میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی۔مشیر نے مختلف کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو مومینٹو پیش کئے۔