جموں // وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو نے بدھ کو بجٹ 2018-19 کو حتمی شکل دی ہے جو وہ آج ریاستی قانون سازیہ میں 12بجت پیش کرنے جا رہے ہیں ۔ یہ ڈاکٹر درابو کی جانب سے پیش کیا جانے والا چوتھا بجٹ ہو گا ۔ وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابو اور وزیر مملکت خزانہ اجے نندا محکمہ خزانہ کے افسران کے ہمراہ پورا دن بجٹ دستاویز کو حتمی شکل دینے میں مصروف رہے جو شام کو ریاستی کابینہ منظور کر رہی ہے ۔وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دیتے وقت سماج کے ہر طبقے کے جائیز ضروریات اور مسایل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں پیش کی جانے والی بجٹ تجاویز پر قانون ساز تفصیلاًغور و خوض کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ قانون سازوں کی جانب سے پیش کی جانے والی بہتر تجاویز پر غور کر کے اگلے سال کے بجٹ کو عوام کی امیدوں اور آرزوؤں کا عکاس بنایا جائے گا ۔ ڈاکٹر درابو نے کہا کہ بجٹ تجاویز تشکیل دینے سے قبل انہوں نے تمام متعلقین بشمول تاجر صنعت ، ٹرانسپورٹ شعبوں کے نمائیندگان ، دانشوروں ، عالموں ، صحافیوں اور جموں کشمیر کے دونوں صوبوں کے ترقی پسند کسانوں سے مشاورت کی تھی تا کہ اُن کی تجاویز اور مانگوں کا جائیزہ لیا جا سکے ۔ ڈاکٹر درابو نے محکمہ خزانہ کے افسران کی ٹیم کو تندہی اور لگن سے کام کر کے بجٹ کی تیاری کے پورے عمل کو ثمر آور بنانے کیلئے سراہا ۔ واضح رہے کہ ریاست کے اس اہم مالی عمل میں شامل ٹیم نے پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری کی قیادت میں گذشتہ دو ماہ کے دوران انتھک محنت کر کے بجٹ دستاویز تیار کیا ہے ۔ اس عمل میں شامل دیگر افسران میں ڈائریکٹر کوڈز ایم اے اندرابی ، ڈائریکٹر بجٹ امتیاز احمد میر ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ وشال شرما ، جوائینٹ ڈائریکٹر بجٹ رمن گپتا ، جوائینٹ ڈائریکٹر ریسورسز شوکت حسین میر ، ایڈیشنل سیکرٹری خزانہ شاہد سلیم ، وزیر خزانہ کے او ایس ڈی ضمیر احمد قادری ، ڈپٹی ڈائریکٹر بجٹ شفاعت زیہااور اکاؤنٹ افسر بجٹ مشتاق احمد شاہ تھے ۔