عظمیٰ نیوز سروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیرمیں بجلی کی فراہمی کی مجموعی صورتحال پر ایک جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں چیف سکریٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے شرکت کی۔میٹنگ میں ایچ راجیش پرساد، پرنسپل سکریٹری، پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ؛ ایس سنتوش ڈی ویدیا، محکمہ خزانہ کے پرنسپل سکریٹری؛ ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سکریٹری اور دیگر سینئر افسران نے شر کت کی اورکشمیر اور جموں دونوں ڈویژن میں بجلی کی اعلی مانگ کو پورا کرنے کے لیے مختلف پہلوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔میٹنگ کے دوران، لیفٹیننٹ گورنر نے پرنسپل سکریٹری، پاور ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ، ایچ راجیش پرساد سے کہا کہ وہ کٹوتی کے منصوبوں کی سختی سے تعمیل کریں، 100 فیصدسمارٹ میٹرڈ فیڈرز میں بلاتعطل اور معیاری بجلی فراہم کی جائے اور لوگوں کو کسی بھی قسم کی تکلیف سے بچنے کے لیے خراب ٹرانسفارمرز کو بروقت تبدیل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ زمین پر موجود ٹیم کو صورتحال پر گہری نظر رکھنی چاہیے اور بجلی کی بلند ترین طلب کو پورا کرنے کے لیے فعال اقدامات کرنا چاہیے۔لیفٹیننٹ گورنر نے سمارٹ میٹروں کی تنصیب، افرادی قوت اور پاور انفراسٹرکچر کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔