نیوز ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر انتظامیہ نے جموں میں بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے پر کئی لوگوں کے بجلی کے کنکشن کاٹ دیئے، جن میں سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد، بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ اور سابق بی جے پی ایم ایل اے نیلم لنگیہ شامل ہیں۔آزاد نے چار لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا۔ اسی طرح لنگیہ نے ایک لاکھ روپے کا بل ادا نہیں کیا۔ اس پر کارروائی کرتے ہوئے الیکٹرسٹی کارپوریشن نے کنکشن منقطع کردیئے ہیں۔ رویندر رینہ گاندھی نگر 14A میں، نیلم لنگیہ گاندھی نگر جب کہ آزاد بنگلہ نمبر 1 گاندھی نگر میں رہ رہے ہیں۔ الیکٹرسٹی کارپوریشن کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایت پر کارروائی کی گئی ۔ اس سے قبل ان تمام رہنماؤں کو نوٹس جاری کیے گئے تھے اور واجبات کی ادائیگی کے لیے تین دن کا وقت دیا گیا تھا لیکن اس دوران کچھ نہیں ہوا۔ہفتہ کو کارروائی کرتے ہوئے ٹیم نے کنکشن منقطع کر دیئے۔الیکٹرسٹی کارپوریشن کے عہدیداروں نے والمیکی کالونی میں 400 سے زائد کنکشن منقطع کردیئے۔ اس کے ساتھ 400 کے وی کے دو ٹرانسفارمرز سے بھی بجلی کاٹ دی گئی ۔ اس کے علاوہ محکمہ اسٹیٹ اور فلوریکلچر ڈپارٹمنٹ کا کنکشن بھی منقطع کر دیا گیا ہے۔