عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// سب ڈویژن تھنہ منڈی میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بجلی فیس میں اضافہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے محکمہ بجلی سے ماہانہ بجلی فیس میں اضافے پر نظرثانی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ قصبہ تھنہ منڈی اور مضافات سے آئے ہوئے لوگوں نے محکمہ بجلی کے خلاف شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ بجلی فیس میں بے تحاشہ اضافہ ہونے کی وجہ سے یہاں کے غریب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ غریبی کی سطح سے نیچے زندگی بسر کرنے والے غریب عوام کے لیے محکمہ بجلی کی جانب سے بجلی فیس میں اس قدر اضافہ کیا گیا ہے کہ جو وہ کسی بھی صورت ادا نہیں کر سکتے انہوں نے کہا کہ یہاں کے غریب عوام کے ساتھ یہ سراسر نا انصافی ہے انہوں نے مزید کہا کہ بجلی فیس میں اس قدر اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ بجلی اس طرح کے عوام کش فیصلوں پر فوری نظر ثانی کرے۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں میں اضافہ کر کے غریب عوام کا لہو چوسا جا رہا ہے۔ کیونکہ بےروزگاری کی وجہ سے اس وقت سب سے زیادہ غریب پس رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ دیگر محکموں کی طرح عوام کے دکھ اور تکلیفوں کو دور کرنے کے بجائے ان پر نمک چھڑک رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کمر توڑ مہنگائی اور بےروزگاری میں غریب آدمی ہزاروں روپے کا بل ادا کرے یا اپنے بیوی بچوں کا پیٹ پالے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اب وہ اس طرح کی عوام دشمن پالیسیوں سے تنگ آ چکے ہیں۔ لوگوں کا صاف کہنا تھا کہ اگر محکمہ بجلی نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہ کی اور بجلی کے بلوں میں بےتحاشہ اضافے پر روک نہ لگائی تو غریب عوام اپنے اپنے علاقوں سے بجلی کنیکشن منقطع کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس طرف فوری توجہ دی جائے تاکہ غریب عوام کو مل سکے۔