پونچھ//ممبر اسمبلی شاہ محمد تانترے نے محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے ساتھ ایک مشترکہ میٹنگ کرکے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ بجلی اور پانی کی معقول فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔اس میٹنگ میں ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک بھی موجودتھے۔ اس دوران تانترے نے جہاں دونوں محکمہ جات کی کار کردگی کا جائزہ لیا وہیں انہوں نے بجلی اور پانی کی معقول فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے افسران پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پانی اور بجلی چونکہ بنیادی ضروریات ہیں اس لئے ان کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ اس حوالے سے ان کے پاس کوئی شکایت نہیں آنی چاہئے۔میٹنگ کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے تانترے نے کہا کہ ان کی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پوری کوشش کر رہی ہے کہ عوام کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جو ان کا حق ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی شکایات پر انہوں نے محکمہ بجلی اور محکمہ پی ایچ ای کے افسران کے ساتھ یہ خصوصی میٹنگ منعقد کی اور اس دوران تفصیلی طور پر تبادلہ خیال کیاگیاہے ۔