اننت ناگ//مال، امداد اور با زآباد کاری کے وزیر عبدالرحمان ویری نے آک کھرل سرہامہ بجبہاڑہ میں ریاست میں اپنی نوعیت کے پہلے ماڈل ایپل ولیج کا افتتاح کیا۔ماڈل ایپل ولیج کے تحت روائتی سیب بوٹوں کو اعلیٰ پیداوار دینے والے باغات میں تبدیل کرنا۔ پانی کے کنوئیں کھودنا، باغات میں شیڈ تعمیر کرنا اور جدید آلات کشا ورزی کو بروئے کار لانا شامل ہے۔ڈی سی اننت ناگ محمد یونس ملک، ناظم باغبانی کشمیر اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے باغ مالکان پر زور دیا کہ وہ پیداوا ر بڑھانے اور اقتصادی فائدہ حاصل کرنے کے لئے ہائی ڈینسٹی پودے لگائیں۔انہوں نے محکمہ باغبانی سے کہا کہ وہ علاقے کے کئی باغ والوں کو غیر ملکی دورے پر بھیجیں تا کہ وہ وہاں اس باغبانی کے فائدوں کے بارے میں جانکاری حاصل کرسکیں۔انہوں نے ہائی ڈینسٹی پودوں کو متعارف کرانے میں سابق وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید کے رول کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو بھی زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنے کے لئے میوہ اگانے کی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنا چاہئے۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ محکمہ ہارٹی کلچر یہ ماڈل اپیل ولیج پائیلٹ بنیادوں پر5 کروڑ روپے کی لاگت سے قائم کررہا ہے اور یہ ابتدائی طور پر80کنال اراضی پر محیط ہوگا۔ متعلقہ افسروں نے اس موقعہ پر وزیر کو جانکاری دی کہ ہائی ڈینسٹی پودوں کے تصور کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔