اننت ناگ // کنڈ ی پورہ بجبہاڑہ میں جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز میں مسلح تصادم آرائی ہوئی، جس کے بعد جنگجو مخالف آپریشن کو جمعرات کی صبح تک ملتوی کردیا گیا ہے۔حکام نے فائرنگ کے تبادلے کیساتھ ہی انٹرنیٹ سروس منقطع کردی۔پولیس کے مطابق کم از کم دو عسکریت پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص معلومات کے بعد پولیس ، 3 آر آر اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیم نے مذکورہ گائوں کی شام کے وقت ناکہ بندی کی اور آپریشن شروع کیا۔جب فورسز کی مشترکہ ٹیم مشتبہ مقام کے قریب پہنچی تو چھپے ہوئے عسکریت پسندوں نے ان پر فائرنگ کردی جس سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کافی دیر تک جاری رہا۔آپریشن کورات گئے اندھیرے کی وجہ سے معطل کردیا گیا۔عہدیداروں نے بتایا کہ عسکریت پسندوں کو فرار ہونے سے روکنے کے لئے تمام خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے اور لائٹس لگائی گئی ہیں کیونکہ انہوں نے ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کو مسترد کردیا ہے۔پولیس نے بتایا ہے کہ آپریشن معطل کردیا گیا ہے اور صبح دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔دریں اثناء پورے ضلع میں موبائل انٹرنیٹ خدمات ختم کردی گئیں ہیں۔