عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اننت ناگ پولیس نے ملی ٹینسی کے ماحولیاتی نظام کے خلاف جاری کریک ڈائون میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک سرگرم ملی ٹینٹ کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کر لی ہے۔خسرہ نمبر 165 MIN کے تحت آنے والی زمین، جو کہ گوری وان، بجبہاڑہ میں واقع ہے، اور عادل حسین ٹھوکر ولد ولی محمد ٹھوکر جو ایک سرگرم ملی ٹینٹ ہے، کی ملکیت ہے، سی آر پی سی کی دفعہ 83 کے تحت منسلک کی گئی ہے۔یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (UAPA) کی دفعہ 20، 38 اور EIMCO ایکٹ کی دفعہ 2/3 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر 11/2023 کے سلسلے میں کی گئی ہے۔ادھر اوڑی بارہمولہ میں بھی ایک ملی ٹینٹ کی جائیداد ضبط کی گئی۔پولیس نے کہا کہ آصف مقبول ڈار، جو اس وقت سرحد پار سے کام کر رہے ہیں، کی جائیداد منگل کو اوڑی میں ضبط کر لی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی آئی پی سی اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام)ایکٹ(یو اے پی اے) کی مختلف دفعات کے تحت پارم پورہ پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے سلسلے میں کی گئی ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے کہا، “ملی ٹینسی کے نیٹ ورکس اور ان کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم میں، سری نگر پولیس نے نامزد ملی ٹینٹ آصف مقبول ڈار کی تین کنال اور 18 مرلے کے باغات کی اراضی، جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑ ہے، ضبط کر لی ہے۔”انہوں نے کہا کہ یہ پراپرٹی بانڈی پائین، ضلع بارہمولہ میں واقع ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ ڈار اس وقت سرحد پار سے کام کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ جائیداد باضابطہ طور پر ان کے والد محمد مقبول کے نام پر ہے جو بانڈی پائین اوڑی کے رہائشی ہیں، جو اس وقت یہاں ایچ آئی جی کالونی، بمنہ میں مقیم ہیں، تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ ڈار ایک فعال سٹیک ہولڈر ہے۔ترجمان نے کہا کہ “وہ کئی سالوں سے ملی ٹینسی کی سہولت فراہم کرنے، ملک مخالف پروپیگنڈہ پھیلانے اور مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کو ہوا دینے میں ملوث رہا ہے”۔انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ، حکومت ہند نے پہلے ہی ڈار کو ملی ٹینٹ کے طور پر نامزد کیا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس کی جائیداد کی قرق ایک وسیع اور جاری حکمت عملی کا حصہ ہے ۔