سرینگر/فورسز کے ساتھ ایک خونین معرکہ آرائی میں جمعہ کی صبح جنوبی کشمیر کے بجبہارہ علاقے میں چھ جنگجو جاں بحق ہوگئے۔
فوج اور پولیس نے ضلع اننت ناگ میں ہوئی اس جھڑپ میں چھ جنگجوئوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔
یہ جھڑپ بجبہارہ کے دچھنی پورہ علاقے میں واقع شالہ گنڈنامی گائوں میں ہوئی ۔
فوج کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جھڑپ کی جگہ سے چھ جنگجوئوں کی لاشیں بر آمد ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جائے مقام سے کافی تعداد میں اسلحہ و گولی بارود بھی بر آمد ہو اہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ گائوں میں فوج کا آپریشن جاری تھا۔
جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتایا جارہا ہے۔
جنگجو مخالف اس آپریشن میں فوج، سی آر پی ایف اور ایس او جی اہلکاروں نے حصہ لیا جنہوں نے پولیس کے مطابق علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی شروع کی۔پولیس نے کہا کہ یہ آپریشن علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع ملنے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔جونہی تلاشی پارٹی پر جنگجوئوں نے گولیاں چلائیں تو پولیس کے مطابق جوابی کارروائی میں چھ جنگجوئوں کو جاں بحق کیا گیا۔