بانہال // بانہال کے پوگل پرستان علاقے میں منگل کی شام شدید ژالہ باری کی وجہ سے فصلوں ،میوہ باغات ، پھلدار درختوں اور سبزیوں کو زبردست نقصان سے دوچار ہونا پڑا ہے۔ لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گذشتہ تین روز سے ابر آلود موسم اور ہلکی ہلکی بارشوں نے آج شام پانچ بجے خوفناک رخ اختیار کیا اور علاقہ اْکڑال ، پوگل پرستان کے بیشتر علاقوں شدیدژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے کھڑی فصلوں ، پھلدار درختوں ، میوہ باغات اور سبزی کی کیاریوں کو زبردست نقصانات پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ تقریبا ًڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا اور لوگ اس اچانک کے طوفان سے سہم کر رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ژالہ باری سے تحصیل اکڑال ضلع رام بن کے پوگل ، کھوڑی ہال ، درزی پورہ ، اگناڑی ، دول پورہ کے علاقوں میں پھلدار درختوں اور سبزیوں کو تاراج کر گیا۔ انہوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ وہ پوگل علاقے میں نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے فوری طور پر ہارٹیکلچر اور ایگر یکلچر کے حکام کو روانہ کریں اور لوگوں کیلئے معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے بیشتر لوگ غریب ہیں اور کھیتی باڑی ہی ان کا پیشہ اور امدنی کا واحد ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ژالہ باری سے ہوئے نقصانات نے پہلے سے ہی موسم کی مارجھیلنے والے مزیداروں کی کر توڑ کے رکھ دی ہے اور حکام کو اس طرف آنکھیں بند کرنے کے بجائے فوری طور اقدامات کرنے چاہیں تاکہ نقصان کی تلافی ہوسکے۔