محمد تسکین
بانہال// رام بن ضلع کے بانہال بلاک سے تعلق رکھنے والے پنچایتی نمائندگان نے بدھ کو شروع ہونے والے بیک ٹو ولیج مرحلہ 5 کا بائیکاٹ کرنے کا اعلان کیا اور ٹورسٹ ہوسٹل بانہال میں احتجاجی دھرنے پر بیٹھ گئے۔ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر (بی ڈی او) بانہال عاصف امین چنڈیل کی مداخلت کے بعد سرپنچوں نے بائیکاٹ ختم کرکے جمعرات سے پروگرام میں حصہ لینے کا یقین دلایا ہے ۔ بلاک بانہال کے سرپنچوں کا الزام ہے کہ کہ بیک ٹو ولیج پانچ کی مشق سابقہ پروگراموں کی طرح وقت کا زیاں ہے اور بیک ٹو ولیج ایک سے لیکر اب تک مجوزہ پلان میں دیئے گئے کاموں پر کوئی کاروائی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر پنچایتوں کی رقومات ادا ہی نہیں کی گئی ہیں اور پنچایتی نمائندے اور عام لوگ بیک ٹو ولیج کے پروگراموں سے بدظن ہو گئے ہیں۔ قصبہ بانہال میں سرپنچوں کے بیک ٹو ولیج پروگرام سے بائیکاٹ کی خبر ملتے ہی بی ڈی او بانہال عاصف امین چنڈیل اور محکمہ دیہی ترقیات کے سٹیٹیکل آفیسر سب ڈویژن بانہال تعظیم احمد وانی بائیکاٹ پر بیٹھے پنچایتی نمائندوں کے پاس پہنچے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو ائندہ دو ہفتوں میں پورا کیا جائیگا اور اس یقین دھانی کے بعد سرپنچوں نے بدھ کی دوپہر بعد اپنا بائیکاٹ اور دھرنا ختم کرکے کے کل سے بیک ٹو ولیج پروگرام میں شامل ہونے کی حامی بھری ہے۔ بائیکاٹ کی صورتحال کے حوالے سے بی ڈی او بانہال عاصف امین چنڈیل نے بات کرتے ہوئے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بانہال بلاک میں بی ڈی او کی اسامی ماضی کے وقت میں کچھ عرصے کیلئے خالی رہی ہے اور اسی وجہ سے پنچایتوں کی رقومات ادا نہیں کی گئی ہیں اور اب انہوں نے چند روز پہلے ہی ڈیوٹی جوائین کی ہے اور وہ واجب الادا رقومات کی ادائیگیوں کیلئے کاغذی کاروائی انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ B2V5 میں شرکت نہ کرکے بائیکاٹ پر بیٹھے بانہال کے سرپنچوں کو یقین دلایا گیا ہے کہ ان کی بقایہ رقومات اور دیگر کاموں کے بارے میں پندرہ روز کے اندر اندر کاروائی کی جائے گی اور اس یقین کے بعد احتجاجی پنچایتی نمائندوں نے اپنی بائیکاٹ کال واپس لی ہے اور وہ کل سے بیک ٹو ولیج پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا ماتحت عملہ ہمیشہ عوام اور پنچایتی نمائندوں کیلئے میسر رہیں گے اور دیہی علاقوں میں آباد لوگوں کی تعمیر وترقی پر توجہ مرکوز رہے گی۔