محمد تسکین
بانہال // پیر کی علی الصبح بانہال کے نزدیک فورلین شاہراہ پرخانہ بدوش کنبوں سے لدھی ایک منی ٹرک کو پیش آئے ایک حادثے میں ایک ادھیڑ عمر کی خاتون لقمہ اجل بن گئی جبکہ تین خواتین سمیت دیگر دس مسافر زخمی ہوئے ۔ پولیس نے بتایا کہ دو بکروال خانہ بدوش کنبوں کو سالانہ ہجرت کے طور راجوری کے تریاٹھ علاقے سے وادی کشمیر کی طرف لیکر آرہی ایک ٹاٹا موبائیل گاڑی ہفتے کی صبح قریب چار بجے بانہال ریلوے سٹیشن کے نزدیک ایک ریلوے پل کے پاس جموں سرینگرقومی شاہراہ سے اتر کر نیچے پلٹ گئی ۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے میں ایک خاتون 75سالہ پھلا بیگم زوجہ محمد حسن ساکنہ تریاٹھ راجوری لقمہ اجل بن گئی جبکہ گاڑی میں سوار اس کے رشتہ دار جس میں سات مرد اور تین خواتین شامل ہیں زخمی ہوگئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی بچاو ٹیم نے دس زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا جہاں سے تمام زخمیوں کو مزید علاج و معالجہ کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے ۔زخمیوں کی شناخت محمد اقبال ، محمد حنیف ، محمد ریاض ، مختیار احمد ، بلال احمد ، شاہنازہ بیگم ، عرشہ بیگم ، عبدالمجید ، محمد جمیل اور نازیہ اختر تمام ساکنان تریاٹھ ضلع راجوری کے طور کی گئی ۔ بانہال پولیس نے ضابطہ کی کاروائی شروع کی ہے۔
سنتھن شاہراہ پر حادثہ،8افراد زخمی
عاصف بٹ
کشتواڑ//جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سنتھن ٹاپ علاقے میں ایک سڑک حادثے میں کم از کم آٹھ زخمی ہو گئے۔ پولیس عہدیدارنے بتایا کہ انٹرا وی گاڑی (چھوٹا ہاتھی) زیر نمبر JK03P-2493کے سنتھن ٹاپ پر حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کو پولیس، ٹورسٹ پولیس و ٹریفک پولیس نے مقامی انتظامیہ و علاقے کے مقامی لوگوں کے ساتھ مل کر بچایا ہے اور ان سبھی کو پی ایچ سی لارنو لے جایا گیا ہے۔ زخمیوں کی شناخت عارف احمد اعوان، محمد عمران اعوان، شوکت علی دیدار، گلزار احمد لاڈی، محمد الطاف کھاری، بشیر احمد اعوان، شفقت احمد کھاری اور محمد یوسف اعوان کے نام سے ہوئی ہے۔انہوںنے بتایا کہ تین زخمیوں کو جی ایم سی اننت ناگ ریفر کیا گیااور ان میں سے دو کو پی ایچ سی لارنو میں پہلا علاج کرانے کے بعد ایس ڈی ایچ کوکرناگ ریفر کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ دریں اثناء پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے اس سلسلے میں تفتیش شروع کر دی ہے۔