جموں// دادی کشمیر میںفورسز کی طرف سے سرکار ی سطح پرانسانی حقوق کی پامالیوں اور قتلِ عام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جموںکشمیر فریڈم موومنٹ کے چیرمین محمد شریف سرتاج نے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور ہندوستان کی غیور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ بھگواسرکار کو کشمیری نوجوانوں کی منصوبہ بندطریقے سے نسل کُشی کے خلاف آواز بلند کریں۔ فریڈم موومنٹ کی طرف سے جاری پریس ریلیزکے مطابق تنظیم کے چیرمین نے بی جے پی کی طرف سے جموں خطے کے مسلمانوں کو پریشان کرنے والے بیانات کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔انہوں نے بانہال میں سی آر پی کے جوانوں کی طرف سے بانہال میں طلباء کے ساتھ زیادتی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے ریاست میں فورسز کو بالکل بے لگام چھوڑدیا ہے جس کے نتیجہ میں وہ کھلے عام انسانی حقوق کی پامالی کرنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے مقامی پولیس کی طرف سے طلباء اورطالبات پرزیادتی کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے مطالبہ کیا کہ ذمہ دار پولیس اہل کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے برمی مہاجرین کے خلاف چلائی جارہی مہم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف تو بھگوا سرکار لاکھوں غیر ریاستی باشندؤں کو ریاست میں آباد کررہی ہے۔اور دوسری جانب سے خیموں میں رہنے والے مظلوم چھ ہزاربرمی مسلمان مہاجرین کے خلاف دہلی کے وزراء سے لیکر مقامی بھگوا تیر انداز مسلسل بیان بازی کررہے ہیں کہ ان کوریاست سے نکلا جائے۔جس سے جموں کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش ہورہی ہے۔یہ لوگ تو برمی بدھوں اور فوج کی زیادتیوں کے شکار ہوئے ہیں اوردنیا کے مختلف ممالک کی طرح ہندستان کے مختلف علاقوں کے علاوہ ریاست جموں کشمیر میں بھی عارضی طورپر رہایش کررہے ہیں جو محض ایک انسانی مسئلہ ہے۔ان کے ساتھ دیگر غیرریاستی باشندوں کی طرح سلوک کیا جاناچاہے۔اور سرکار کی زمہ داری بنتی ہے کہ وہ برمی مہاجرین کو تحفظ فراہم کرے۔