محمد تسکین
بانہال // بانہال کے ایک اور ہونہار نوجوان نے کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر علاقے کا نام روشن کر دیا اور ان کے انتخاب کو لیکر لوگوں میں خوشی کی لہر ہے ۔22سالہ صحیم احمد بہورو کو بھارتیہ کارپوریٹ پریمیئر لیگ کی نیلامی میں احمد آباد لائنز نے پانچ لاکھ روپے کی بنیادی رقم پر اپنی ٹیم کا حصہ بنا لیا ہے اور آئندہ شروع ہونے والی اس لیگ میں وہ احمد آباد لائنز کی نمائندگی کرینگے۔ صحیم احمد کا تعلق ژانگلدار موضع چاپناری پنچایت چملواس سے ہے اور وہ سابق سرپنچ محمد رمضان بہورو کے فرزند ہیں۔ ان کی اس کامیابی کو نہ صرف خاندان بلکہ پورے سب ڈویژن بانہال میں فخر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے اور کھیل کود میں اس کی اس پیش رفت لوگوں میں خوشی ہے۔ جانکار ذرائع کے مطابق صحیم احمد گزشتہ کئی برسوں سے باقاعدہ تربیت حاصل کر رہے تھے اور مختلف ریاستوں میں منعقدہ ٹورنامنٹس میں اپنی کارکردگی کے ذریعے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں جموں میں منعقدہ ٹرائلز کے دوران ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں اس مقام تک پہنچایا یے۔ صحیم احمد بہورو کے والد محمد رمضان بھورو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صحیم احمد نے کم عمری سے ہی کرکٹ کو اپنا خواب بنایا تھا اور مسلسل محنت کے بل بوتے پر آج یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا بیٹا آگے چل کر قومی سطح پر بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گا اور قومی ٹیم میں جگہ بنائے گا۔ علاقہ کے نوجوانوں نے صحیم احمد کی اس کامیابی کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب بانہال کے باصلاحیت کھلاڑیوں کیلئے ایک نئی امید ہے اور اس سے کھیل کود خاصکر کرکٹ کو اپنا مستقبل بنانے والے نوجوانوں کو نیا ولولہ ملے گا۔