محمد تسکین
بانہال // جمعرات شام بانہال کے چملواس علاقے میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے مرنے والے کی شناخت 22 سالہ ابرار احمد سوہل ولد محمد افضل سوہل ساکنہ چملواس بانہال کے طور کی ۔ ابرار ڈگری کالج بانہال میں زیر تعلیم تھا اور کرکٹ اور والی بال میں بہترین کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھ رہا تھا لیکن قدرت کوکچھ اور ہی منظور تھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ کرنٹ لگنے کے بعد ابرار احمد کو ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقع ہائر سیکنڈری سکول چملواس کے احاطے میں میں اس وقت پیش آیا جب ابرار احمد سوہل باقی ساتھیوں کے ساتھ والی بال کھیل رہا تھا کہ ان کا بال ایک درخت پر اٹک گیا اور لوہے کی پائپ سے بال کو اتارنے کی کوشش میں وہ ننگی تار کے رابطے میں آگیا اور اسے شدید کرنٹ لگا۔ وہاں موجود ساتھیوں اور مقامی لوگوں نے اسے فوری طور پر بانہال ہسپتال پہنچایا لیکن تب تک یہ نوجوان داعی اجل کو لبیک کہہ گیاتھا۔ جمعرات کی شام آٹھ بجے ایس ڈی ایم بانہال ظہیر عباس ، تحصیلدار بانہال امتیاز احمد ، ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی اور سرپنچ چملواس منیر احمد بانہال ہسپتال میں موجود تھے جہاں مہلوک نوجوان کی لاش قانونی لوازمات کی خانہ پری کیلئے پہنچائی گئی ۔ اس نوجوان کی موت پر پورے بانہال اور چملواس کے علاقوں میں رنج و غم کی فضا قائم ہوگئی اور پورے گائوں میں صف ماتم بچھ گئی ہے۔