بانہال // جموں اینڈکشمیر اکیڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز سب آفس ڈوڈہ کے زیر اہتمام بانہال میں ایک کشمیری نعتیہ مشاعرے کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر کلچرل آفیسر ڈوڈہ صلاح الدین طاہر کے علاوہ منشور بانہالی ، دلفگار ، ظاہر بانہالی ، رند شمس ، گوہر بانہالی ، ندیم آہی ، ڈاکٹر خالد رسول، حسن بانہالی ، بہار احمد بہار، ماسٹر عبدا لمجید ، سیف الدین ڈار ،سماجی لیڈر عبدالغنی تانترے و دیگر مقامی شعراء کے علاوہ اد یب اور مقامی معززین موجود تھے ۔ اس موقع پر شعراء نے اپنے تازہ کلام سے سامعین کو محظوظ کیا اور اُن سے داد و تحسین حاصل کی ۔ مقامی شعراء نے کلچرل اکیڈمی سب آفس ڈوہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بانہال کے علاقے میں ادب کو فروغ دینے کے لئے ان کا اہم رول رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس کی امید ظاہر کی ۔ ڈاک بنگلہ بانہال میں منعقدہ اس مشاعرے میں کئی نوجوان شعرا نے بھی حصہ لیا اور اپنے کلام کو پیش کر کے داد وصول کی ۔ اس موقع پر کلچر ل آفیسر ڈوڈہ صلاح الدین طاہر نے معذرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس پیمانے پر اکیڈمی کی طرف سے بانہال میں پروگرام منعقد کئے جانے چاہئے تھے لیکن سٹاف کی کمی کی وجہ سے وہ اسے پورا نہیں کر پا رہے ہیں ۔ انہوں نے شعراء کو یقین دلایا کہ مستقبل میں بھی وہ اس علاقے میں اس قسم کے پروگرام بڑے پیمانے پر منعقد کرانے کی کوشش کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کی مٹی ادب کے لحاظ سے بے حد ذرخیز ہے اور بڑے بڑے شاعروں نے اس علاقے سے جنم لیا ہے جنہوں نے ریاست و ریاست کے باہر اپنا لوہا منوایا ہے ۔