بانہال میں پتھر گر آئے

محمد تسکین
بانہال //جموں سرینگر شاہراہ جمعہ کے روز مکمل طور بند رہی۔ صبح کے وقت بانہال کے نزدیک روم پڑی کے مقام بھاری پتھروں پر مشتمل ایک پسی گر آئی، جس کی وجہ سے دو طرفہ آمدورفت بند ہوگئی۔ بانہال سے قریب تین کلومیٹر دور روم پڑی کے مقام پر جمعہ کی صبح دس بجے  بھاری پتھراس وقت شاہراہ پر گر آئے جب وہاں تعمیراتی کمپنی کی جانب سے فور لین شاہراہ پر کام کیا جارہا تھا۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے سینکڑوں مسافر رام بن اور بانہال فورلین ٹنل کے درمیان مختلف مقامات پر درماندہ ہوئے ۔ ایس ایس پی ٹریفک شبیر احمد ملک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ جمعہ کی صبح 10 بجکر 5 منٹ پر بند ہوگئی اور پہاڑی سے بھاری پتھروں کا پورا ریلا صاف کرنے کیلئے تعمیراتی کمپنی کی مشینری اور افرادی قوت کو بحالی کے کام پر لگایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی جزوی بحالی قریب9بجے رات ہوگئی اور یکطرفہ چھوٹی مسافر گاڑیوں کو باری باری دونوں طرف سے چھوڑا جارہا ہے۔انکا کہنا ہے کہ پہلی ترجیح کے طور پر درماندہ سینکڑوں مسافر گاڑیوں کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے لیکن ایک بھاری پتھر ٹریفک کی آوا جاہی میں مشکلات لارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے بند ہونے کے بعد ٹریفک کو شاہراہ کے مختلف مقامات پر روک دینا پڑا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کیلئے چار راک بریکر مشینیں کام پر لگی ہوئی ہیں لیکن پتھروں کی ساخت بہت ہی سخت ہے اور انہیں نہایت احتیاط سے توڑا جارہا ہے کیونکہ شاہراہ کے نیچے نالہ بشلڑی پر اس پل کو بھی خطرہ لاحق ہے جو  چاپناڑی اور بنکوٹ میں زیر تعمیر کئی ریلوے ٹنلوں کی رسائی کیلئے ایک اہم لنک روڈ کو جوڑتا ہے۔