بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر بانہال کے نزدیک مٹی کے تیل سے لدے ایک ٹینکر کو پیش آئے حادثے میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا زخمی ہوا ہے۔ جموں سے وادی کی طرف آنے والا یہ ایندھن ٹینکر نمبر بانہال سے تقریبا تین کلومیٹر پہلے رتن باس کے مقام شاہراہ سے لڑھک کر تین سو فٹ نیچے نالہ بشلڑی میں جاگرا۔ اس حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ ، پولیس اور مقامی رضاکاروں نے بچاو کاروائیاں شروع کیں اور لقمہ اجل بنے شخص اور زخمی کو بانہال ہسپتال منتقل کیا ۔ پولیس نے اس حادثے میں مرنے والے کی شناخت لیکھ راج ولد پریتم چند ساکنہ ادہمپور کے طور کی ہے جبکہ حادثے میں شدید طور زخمی ہوئے پریتم لعل ولد بابو رام ساکنہ ادہمپور کو بانہال ایمرجنسی ہسپتال سے سرینگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس معاملے میں ضابطے کے تحت کاروائی عمل میں لائی ہے اور لاش کو قانونی لوازمات کے بعد ورثا کے حوالے کیا جا رہا ہے۔