بانہال // تحصیل انتظامیہ بانہال کی طرف سے سب ڈویڑنل مجسٹریٹ کی قیادت میں بانہال میں سوچھ بھارت ابھیان کی جانکاری پہنچانے کے لئے جمعہ کو ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ سوچھ بھارت ابھیان کی اس ریلی میں گرلز ہائر سکینڈری سکول بانہال ، بائز ہائر سکینڈری سکول بانہال اور سٹی مڈل سکول بانہال کے بچوں کے علاوہ میونسپل کمیٹی بانہال کے عملہ نے بھی شرکت کی۔ یہ ریلی تحصیل دفتر بانہال سے شروع ہوئی اور شاہراہ پر قصبہ بانہال سے گذرتے ہوئے ناگبل بازار تک پہنچی۔ ریلی میں سکولی طلباء اور میونسپل کمیٹی کے عملہ نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جس میں اپنے ارد گرد کے ماحول کو پاک و صاف رکھنے کی عبارتیں درج تھی۔ اس موقع پر ایس ڈی ایم بانہال وکاس ورما نے بتایا کہ اس ریلی نکالنے کا مقصد لوگوں کو اس بات کی جانکاری فراہم کر نا تھا کہ وہ اپنے ارد گرد کے ماحول کو پاک و صاف رکھیں اور گندگی اور غلاظت کو کو نہ پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو صاف و پاک رکھنے سے ایک صحت مند سماج کو وجود میں لایا جا سکتا ہے اور اس سے پھیلنے والی بیماریوں سے لوگوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ ایس ڈی ایم نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کو صاف و ستھرا رکھنے سے جہاں بیماریوں کو دور رکھا جا سکتا ہے وہیں اپنے ارد گرد صاف و ستھرائی سے قصبہ جات اور گاوں کو بھی گندگی سے پاک رکھ کر خوبصورت بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکار کی طرف سے شروع کیا گیا یہ ابھیان ہر گاوں اور محلہ تک پہنچانے کی کوشش کر نی ہے اور اس کیلئے انتظامیہ کمر بستہ ہے۔ اْنہوں نے طلبا کو بتایا کہ وہ خود ماحول کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے آس پاس رہنے والے دیگر لوگوں کو بھی اس کی طرف مائیل کریں اور اس کے فوائد کے بارے میں اْنہیں جانکاری فراہم کریں۔اس موقع پر تحصیلدار بانہال شفیق احمد کے علاوہ ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ ،ایس ایچ او بانہال اعجاز وانی کے علاوہ دیگر سیول اور پولیس افسران موجود تھے۔ اس کے علاوہ کھڑی اور اکرال میں بھی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں سکولی بچوں کے علاوہ تحصیلدار کھڑی تابش سلیم ، بی ڈی او کھڑی جہانگیر گیری ، پلاننگ افسر مھخمہ تعلیم عبداللطیف کواتوال ، پرنسپل ، اساتذہ اور معززین علاقہ کھڑی اور اکڑال موجود تھے۔ اس کے علاوہ کئی ہائی اور مڈل سکولوں میں بھی سوچھ بھارت ابھیان اور صفائی و ستھرائی کیلئے کئی ریلیاں اور پروگرام منعقد کئے گئے۔