بانہال//بانہال کے نیل علاقے میں ہفتے کو ریچھ کے حملے میں زخمی ہوئے تین افراد کو بانہال ہسپتال سے سرینگر منتقل کیا گیا جہاں ایک ٹیچر کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔ ہفتے کی دوپہر بعد ڈیوٹی سے گھر لوٹنے والا ٹیچر فاروق احمد پڑھار ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہوا تھا اور اسے بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا۔ ابھی پہلے حملے کا خوف لوگوں پر طاری ہی تھا کہ قریبی جھاڑیوں سے نمودار ہوئے ریچھ نے مزید دو افراد محمد رمضان پڑھار طالبعلم اور نظام الدین گوجر ساکنان نیل بانہال پر حملہ آور ہوکر انہیں زخمی کردیا اور انہیں پہلے بانہال ہسپتال پہنچایا گیا جہاں سے بعد میں انہیں بھی سرینگرمنتقل کیا گیا۔بانہال تحصیل میں ایک ہفتے کے دوران جنگلی جانوروں کے حملوں میں 7 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت ابھی بھی سرینگر کے ہسپتال میں تشویشناک بنی ہوئی ہے۔