بانہال // امکوٹ علاقے میں زیر تعمیر ریلوے ٹنل کے کام پر دو گروپوں کے درمیان ہوئے تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے ہیں۔زخمیوں کو پولیس نے بانہال ہسپتال میں علاج معالجہ کے لئے داخل کرا دیا ہے ذرائع کے مطابق ریلوے ٹنل کی تعمیر پرمامور تعمیراتی کمپنی اے بی سی کو بجری سپلائی کرنے والے ایک مقامی سپلائر صحراب وانی اور اس کا بھائی بابر وانی جب بجری سے لدی گاڑیوں کو ٹنل کے مقام پر اْتارنے کے لئے گئے تو وہاں پر مقامی لوگوں نے انہیں بجری اْتارنے سے یہ کہہ کر منع کر دیا کہ اْنہوں نے روزگار و دیگر مطالبات پورا نہ ہونے تک کمپنی کا کام بند رکھا ہے ۔اس معاملے کو لیکر مقامی گاؤں کے کچھ لوگوں اور ان بجری سپلائر دو بھائیوں کے درمیان تکرار ہوئی اور بعد میں نوبت مار پیٹ تک پہنچ گئی ۔دونوں گرپوں کے درمیان ہوئے تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔پولیس نے ان کی شناخت بجری سپلائر صحراب وانی اور بابر وانی ولد محمد ایوب وانی ساکنہ بنکوٹ اور دو مقامی اشخاص پرویز احمد گوجر اور کمپنی کا مقامی سیکورٹی گارڈ شوکت علی گوجر کے طور پر کی ہے ۔بجری سپلائر کا کہنا ہے کہ وہ بجری کی گاڑی لیکر پروجیکٹ کی سائٹ پر اتارنا گئے تھے تو مقامی لوگوں کے ایک بڑے گروپ نے ان پر حملہ کر دیا۔ مقامی گاؤں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا کہنا ہے کہ کمپنی کی طرف سے اْن کے ساتھ روزگار اور دیگر مطالبات پورے نہ کئے جانے پر اْنہوں نے کمپنی کا کام بند رکھا ہوا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ کام بند رکھنے کے باوجود بجری سپلائر زبردستی کشمیر سے بجری لا رہے ہیں اور اس پر منع کر نے پر ان کو درمیان آپسی تکرار ہوئی۔پولیس نے اس بارے میں تحقیقات شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او بانہال محمد افضل وانی نے معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پروجیکٹ سائٹ پر دو گروپوں میں ہوئے تصادم میں چار افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔اْنہوں نے کہ کہا ٹنل کے مقام پر پولیس نے حالات کو قابو میں کر دیا ہے اور اس معاملے میں مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے ۔