عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے قانون ساز اسمبلی کو مطلع کیا کہ پردھان منتری آواس یوجنا (پی ایم اے وائی) کے آغاز سے اَب تک 4,368 مکانات منظور کئے گئے ہیں جن میں سے 4,062 مکانات مکمل ہو چکے ہیں اور تمام اقساط تقسیم کی جا چکی ہیں۔وزیر موصوف ایوان میں رُکن اسمبلی سجاد شاہین کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے مزید کہا کہ مستحقین کے لئے پی ایم اے وائی کی شرائط کو مزید آسان بنایا گیا ہے۔ اس میں آمدنی کی حد میں اضافہ اور نئی سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جس سے یہ سکیم عوام دوست بن گئی ہے۔وزیر نے کہا،’’اَب پی ایم اے وائی کے مستحقین کی شناخت کے لئے راشن کارڈ کے علاوہ منریگا جاب کارد نمبر، موبائل نمبر، بینک اکائونٹ نمبر اور آدھار کارڈ دستاویزات بھی قابل قبول ہیں۔اُنہوں نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ گزشتہ دوبرسوں کے دوران مختلف سکیموں جیسے کہ منریگا ، سی ڈِی پنچایت،پی آر آئی ایس ، 14ویںمالیاتی کمیشن، ایس بی ایم، بیک ٹو وِلیج،ڈِی ڈِی سی اور بی ڈِی سی گرانٹس کے تحت رام بن ضلع میں تفصیلی فنڈ تقسیم کئے گئے ہیں۔وزیر نے مزید کہا کہ ان سکیموں کے تحت مجموعی طو رپر 36,980 ترقیاتی کام انجام دئیے گئے جن کے لئے 28,967.44 لاکھ روپے جاری کئے گئے جبکہ اَب تک 17,642.26 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔