محمد تسکین
بانہال//پیر کی شام بانہال کے نزدیک جموں سرینگر قومی شاہراہ پر پیش آئے سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں شدید طور زخمی ہوئے بانہال کے شہری نے صدر ہسپتال سرینگر میں دم توڑ دیا۔ بانہال بائی پاس پر پیش آیا یہ واقع ہٹ اینڈ رن کا ہے اور واقع میں ملوث گاڑی والے کو پکڑنے کیلئے بانہال پولیس پولیس نے اپنی کاروائی جاری رکھی ہوئی ہے اور ملوث ڈرائیور کو ڈھونڈ نکالنا پولیس کیلئے دشوار کام ہوگا کیونکہ فورلین شاہراہ کے بانہال بائی پاس پر ابھی تک نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا اور اس کی تعمیراتی کمپنی ایم جی کنسٹریکشن پرائیویٹ لمیٹڈ کی طرف سے نہ CCTV کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ناہی کھارپورہ سے آرمی کیمپ کرواہ تک لائٹس لگائی گئی ہیں ۔ نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کی طرف سے ابھی تک بانہال بائی پاس پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب نہ کرنے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے حکام کو اس طرف متوجہ ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے ۔ انہوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ہلال احمد وانی کے اس دردناک حادثے میں ملوث گاڑی والے کو جلد ازجلد قانون کے شکنجے میں کیا جائے۔مہلوک نوجوان کی شناخت ہلال احمد وانی ولد احمد اللہ وانی ساکنہ وانی پورہ بنکوٹ بانہال کے طور کی گئی ہے۔ ہلال احمد وانی پیر کی شام ایس ڈی ایم آفیس بانہال کے عقب میں واقع بانہال بائی پر کسی نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر شدید زخمی ہوگیا تھا اور مقامی لوگوں نے اسے شدید زخمی حالت میں بانہال ہسپتال منتقل کیا تھا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ ہلال احمد کو سر میں شدید چوٹ کے باعث جی ایم سی اننت ناگ منتقل کیا تھا جہاں سے ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کیلئے صدر ہسپتال ایس ایم ایچ ایس سرینگر منتقل کیا تھا جہاں اور انہوں نےپیر کی دیر رات گئے دم توڑ دیا ۔ ہلال احمد وانی اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا اور اس کی والدہ قریب دو دہائی پہلے جوان سالی میں ایک حادثے کا شکار ہو کر لقمہ اجل بنی تھی ۔ایس ڈی ہی او بانہال منجیت سنگھ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس ہٹ اینڈ رن کیس کی تحقیقات شروع کی گئی ہے اور ایس ایچ او عاشق بخاری کی قیادت میں پولیس اس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا چُونکہ وہاں ہر کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں ہے اور اب پولیس نے اسوقت وہاں سے گزری گاڑیوں کا پتہ لگانے کیلئے دیگر مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی جانچ پڑتا ل شروع کی ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس حادثے میں ملوث گاڑی والے کو گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس جلد ہی اس حادثے میں ملوث ڈرائیور کو ڈھونڈ نکال کر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کریگی۔