محمد تسکین
بانہال // بانہال سے کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان کو ریل سروس سے جوڑنے کیلئے مختلف اقدامات اپنے آخری مراحل سے گزر رہے ہیں اور پچھلے دنوں کمشنر ریلوے سیفٹی کے دورے کے بعد جمعہ کے روز ریلوے پولیس ، پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے اعلیٰ افسروں نے بانہال اور سنگلدان کے درمیان ریلوے لائین کا جائزہ لیا اور سیکورٹی کی تعیناتی کے بارے میں افسران نے تبادلہ خیال کیا۔ جمعہ کے روز جموں و کشمیر پولیس ، ریلوے پولیس اور ریلوے پروٹیکشن فورس کے اعلیٰ حکام نے بانہال سے سنگلدان تک ریلوے لائین کا دورہ کیا اور سنگلدان تک ریل سروس کو شروع کرنے پر پہلے ریلوے پولیس فورس کی تعیناتی اور سیکورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور مختلف امورات پر بات کی گئی ۔اس موقع پر ڈی آئی جی ریلوے حسیب الرحمان بٹ ، ڈی آئی جی ، ڈوڈہ کشتواڑ رام بن رینج شری دھر پاٹل، ڈی آئی جی RPF کے کے اشرف ، ایس ایس پی رام بن انوج کمار ، ایس ایس پی ، جی آر پی ونود کمار ، ایس ایس پی ریلوے ہرمیت سنگھ ، ریلوے تعمیراتی ایجنسی اِرکان انٹرنیشنل کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ جمعہ کی صبح سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے پہنچی اس ٹیم نے بانہال ریلوے سٹیشن سے کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان تک ریلوے سٹیشنوں ، ریلوے ٹنلوں اور ریلوے پلوں کا دن بھر جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔ڈی آئی جی ریلوے حسیب الرحمان بٹ نے فون کشمیر عظمی کو بتایا کہ بانہال ، کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان کے درمیان ریل سروس شروع کرنے سے پہلے حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے یہ دورہ اہم تھا اور تمام ریلوے اور پولیس کے افسروں سے تبادلہ خیال کے بعد جامع اور موثر سیکورٹی پلان کے حوالے سے فیصلے لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال اور سنگلدان کے درمیان فول پروف سیکورٹی فراہم کرکے ریلوے کو ہر طرح سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب جگہوں پر کافی سیکورٹی اہلکار تعینات کرنے پر غور کیا گیا۔یاد رہے کہ کشمیر ریل پروجیکٹ پر بانہال ریلوے سٹیشن کو کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان سے جوڑنے کیلئے کمشنر ریلوے سیفٹی 15 اور 16 فروری کو قانونی معائنہ کیلئے کھڑی ، سمبڑ اور سنگلدان کا دورہ کر رہے ہیں اور امید ہیکہ مارچ سے پہلے بانہال سے سنگلدان کے سیکشن میں ریل سروس کو شروع کیا جائے گا۔