عازم جان
بانڈی پورہ //شمالی کشمیر کے ناگہ مرگ جنگلاتی علاقے میں منگل کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کیفائرنگ کا تبادلہ ہوا،جس کے بعد بڑے پیمانے پر دو طرفہ آپریشن شروع کیا گیا۔پولیس نے بتایاکہ ملی ٹینٹوں نے پہلے فورسز پر بھاری فائرنگ کی،جس کے نتیجے میں آپسی تصادم شروع ہو گیا ۔ علاقے میں وقفے وقفے سے فائرنگ جاری تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ دو سے تین ملی ٹینٹ یہاں موجود ہیں۔ ناگہ مرگ بانڈی پورہ میں کٹسن آلوسہ سے تین کلومیٹر پہاڑی علاقہ ہے۔ اس پہاڑی علاقے کے دوسری جانب کپوارہ لولاب کا جنگلی علاقہ ہے۔انہوں نے کہا، آپریشن کپواڑہ اور بانڈی پورہ کی سرحدی لائنوں پر ہو رہا ہے۔ اور فوج کی 26 آسام رائفلز بانڈی پورہ کی طرف سے تعینات ہیں، جو وہاں سے آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔ شمالی کشمیر میں رواں ماہ میں پانچواں اوروادی میں یہ آٹھواں انکائونٹر ہے۔پولیس نے بتایاکہ کپواڑہ اور بانڈی پورہ کی سرحدپرواقع گائوںمیں ، کچھ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میںمصدقہ اطلاع ملنے کے بعد ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ سماجی رابطہ گاہ ایکس پر ایک پوسٹ میں، فوج کی سرینگر میں قائم چنار کور نے کہا کہ12نومبر کو، ملی ٹینٹوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص انٹیلی جنس ان پٹ کی بنیاد پر، ناگمرگ بانڈی پورہ علاقے میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔ چوکس دستوں نے مشکوک سرگرمی دیکھی اور چیلنج کئے جانے پر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی۔ سیکورٹی فورسزنے موثر جوابی کارروائی کی،جس کے بعد طرفین کے مابین انکائونٹر شروع ہوگیا۔ فوج نے کہا کہ آپریشن جاری ہے۔حکام نے بتایاکہ علاقے کی سخت محاصرے کو یقینی بنانے کیلئے اضافی فورسز کو علاقے میں بھیج دیا گیا ہے۔ شمالی کشمیر کے اضلاع میں گزشتہ10 دنوں میں یہ پانچواں انکاؤنٹر ہے۔ قبل ازیں 4 تصادم میں5ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیا گیا تھا جن کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ غیر ملکی تھے۔ سیکورٹی فورسز نے شمالی کشمیر میں ملی ٹینسی کے خلاف کارروائیوں کو تیز کر دیا ہے۔حکام نے مزید بتایاکہ اس اطلاع کے درمیان کہ ملی ٹنٹ موسم سرما سے قبل سرحد پار سے وادی میں گھسنے کی کوشش کر رہے ہیں،اس پورے علاقے میں چوکسی بڑھادی گئی ہے جبکہ حساس علاقوںمیں گشت تیز کردیاگیا ہے۔