بانڈی پورہ:کار کی زد میں آکر 13سالہ بچہ از جان

نیوز ڈیسک
سری نگر// شمالی ضلع بانڈی پورہ کے بازی پورہ علاقے میں تیز رفتار کار نے سائیکل سوار کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے اُس کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔

 

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سری نگر بانڈی پورہ شاہراہ پر بازی پورہ کے نزدیک ایک وگنار گاڑی نے سائیکل کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے اُس پر سوار تیرہ سالہ لڑکا شدید طورپر زخمی ہوا۔

 

معلوم ہوا ہے کہ آس پاس موجود لوگوں نے کمسن لڑکے کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا۔

 

متوفی کی شناخت مدثر احمد عرف ایان ولد محمد رفیق ساکن کانی محلہ صدر کوٹ بالا کے بطور ہوئی ہے۔

 

پولیس ذرائع کے مطابق معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے جبکہ گاڑی کے ڈرائیور کو بھی حراست میں لے لیا گیا ۔