جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی سرحدی تحصیل بالا کوٹ کے مکینوں نے جموں وکشمیر انتظامیہ اور شعبہ اعلیٰ تعلیم سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں جلدازجلد ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ حدمتارکہ کے نزدیکی علاقوں میں رہائش پذیر بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی برسوں سے کالج کے قیام کی مانگ کی جارہی ہے لیکن آج تک جموں وکشمیر انتظامیہ کی جانب سے اس طرف کوئی دھیان نہیں دیاگیا ۔
مکینوں نے بتایا کہ تحصیل بالا کوٹ کا ایک وسیع علاقہ حدمتارکہ کیساتھ جوڑا ہوا ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں ایسے بچے اور بچیاں ہیں جو کہ تار بندی اور حدمتارکہ کے درمیانی علاقہ میں سے مینڈھر ،پونچھ اور راجوری کے ڈگر ی کالجوں میں جا کر تعلیم حاصل کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ کالج دور ہونے کی وجہ سے مذکورہ سرحدی تحصیل کی زیادہ تر لڑکیوں کی اعلیٰ تعلیم اس وقت سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سرحدی تحصیل میں ڈگری کالج کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ بچوں کی تعلیم کا عمل متاثر نہ ہو ۔