جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بالاکوٹ سیکٹر کے قریب ایک فوجی (اگنی ویر) بارودی سرنگ کے دھماکے میں زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ اْس وقت پیش آیا جب فوجی ایک معمول کی گشت پر تھا۔ فوجی نے غلطی سے بارودی سرنگ پر قدم رکھا جس سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں فوجی کے دائیں پاؤں میں چوٹیں آئیں۔زخمی فوجی کی شناخت ونتھ کمار ایس کے نام سے ہوئی ہے، جو ایک اگنی ویر ہے۔ دھماکے کے فوراً بعد اْسے طبی امداد فراہم کرنے کے لئے 150 جنرل ہسپتال راجوری منتقل کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، فوجی کی حالت اب مستحکم ہے اور اس کا علاج جاری ہے۔فوجی حکام نے اس حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بارودی سرنگوں کی صفائی اور فوجی آپریشنز میں مزید احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔پونچھ کے بارڈر علاقے میں اس قسم کے واقعات نئے نہیں ہیں، جہاں فوجی اور شہری اکثر بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد سے متاثر ہو جاتے ہیں۔