عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// بالائی علاقوں میںپہلی اور دوسری برف باری کے ساتھ ہی منگل کو وادی بھر میں درجہ حرارت گر گیا ۔ گلمرگ اس موسم میں منفی درجہ حرارت ریکارڈ کرنے والاکشمیر کا پہلا مقام بن گیا، جہاں منگل کی صبح پارہ -0.4 ڈگری تک گر گیا۔پہلگام میں بھی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ سردی ریکارڈ کی گئی، جو سال کے اس وقت کے لیے کم سے کم درجہ حرارت میں تیزی سے گراوٹ کا اشارہ دیتی ہے۔زوجیلا میں منفی 8.0درجہ حرارت درج ہوا جو سب سے سرد ترین مقام رہا۔وادی کو قبل از وقت سردی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں بارش ہونے سے بھی سردی میں اضافہ ہوا۔ موسمی تبدیلی کی وجہ سے پوری وادی میں دن کے درجہ حرارت میں تیزی سے کمی واقع ہوئی ہے۔پیر کی گلی،سنتھن ٹاپ،ڈکسم کوکر ناگ،گلمرگ، پہلگام، سونمرگ، گریز، سادھنا ٹاپ اور بنگس ان مقامات میں شامل ہیں جہاں برفباری ہوئی ہے۔عہدیداروں نے بتایا کہ شوپیان مغل روڈ پر پیر کی گلی، گریز، سنتھن ٹاپ اور سرینگر لیہہ قومی شاہراہ کے ساتھ زوجیلا پاس میں بھی تازہ برف باری ہوئی جس کی وجہ سے یہ سڑکیں بند ہوگئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سری نگر شہر سمیت کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ سنتھن ٹاپ، پیر کی گلی، اور سادھنا ٹاپ سمیت کئی بالائی علاقوں سے 2 سے 8 انچ کے درمیان ہلکی سے درمیانی برفباری کی اطلاع ہے۔ منگل کی صبح تک سادھنا ٹاپ میں تقریباً 18سے20 انچ برف پڑی، پیر کی گلی میں 12سے15 انچ، سنتھن ٹاپ میں14سے18 انچ، اور زوجیلا پاس میں 6سے7 انچ برف ریکارڈ کی گئی۔ سیاحتی مقامات سونمرگ (2سے3 انچ) اور پہلگام ( ایک سے دوانچ) ہلکی برفباری ہوئی۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر مختار احمدنے بتایاکہ منگل کی صبح تک ادھم پور میں سب سے زیادہ 100.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے بعد بٹوٹ میں 98.2 ، ڈوڈہ میں 86 ، بھدرواہ میں77 ، بانہال میں 75.8 ، قاضی گنڈ میں70 ، کوکرناگ میں68.9 ، رام بن میں68.5 اورہلگام52.6 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی۔ڈاکٹر مختار احمدنے بتایاکہ آج سے موسم میں بتدریج بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ 8 اکتوبر کو چند مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ جموں و کشمیر میں عام طور پر 8 سے 17 اکتوبر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔ ایڈوائزری میں کسانوں پر زور دیا کہ وہ 8 اکتوبر سے زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کریں۔ البتہ پہاڑی علاقوں پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھرگرآنے کے امکان کے بارے میں بھی خبردار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ 20 اکتوبر تک جموں و کشمیر میں خشک موسم رہے گا۔
قومی شاہراہ اور گریز روڑبحال
پیر اور منگل کی رات قریب دس گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد منگل کی دوپہر بعد جموں سرینگر قومی شاہراہ کو جزوی ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ہے اور جموں سے مسافر گاڑیوں کو جبکہ کل رات سے مختلف مقامات پر جموں سے سرینگر جانے والے درماندہ ٹرکوں کو ترجیحی بنیادوں پر چلنے کی اجازت دی گئی ۔ منگل کی شام پانچ بجے سے قاضی گنڈ سے سیب سے لدھے ٹرکوں کو جموں کی طرف چھوڑ دیا گیا ہے ۔صوبہ جموں کے بیشتر علاقوں میں جاری رہنے والی بارشوں کی وجہ سے ادہمپور رام بن اور بانہال کے درمیان شاہراہ کومتعدد مقامات پر پسیاں اور پتھر گر آنے کے بعد پیر اور منگل کی رات سے احتیاطی طور ٹریفک کی نقل و حرکت کیلئے بند کر دیا گیا اور جموں سے سرینگر کی طرف آنے والی مال بردار گاڑیوں کو ضلع رام بن اور ضلع ادہمپور میں شاہراہ کے محفوظ مقامات پر روک دینا پڑا ۔ٹریفک پولیس حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ ضلع رام بن کے ناشری ، پیڑا، چندرکوٹ ، مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ ، ماروگ ، منکی موڑ ، بیٹری چشمہ اور ڈگڈول کے علاوہ ادہمپور کے چیننی، کھیری اور جھکینی کے درمیان قریب ایک درجن مقامامات پر پسیوں ، پتھروں اور کیچڑکے ملبے سے بند ہوگئی ۔اس کے باعث شاہراہ پر تمام طرح کے ٹریفک کو روک دیا گیا اور قاضی گنڈ اور جھکھنی ادہمپور سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ منگل کی دوپہر قریب گیارہ بجے سے شاہراہ کو جزوی طور بحال کیا گیا اور درماندہ مال بردار ٹرکوں اور ٹینکروں کو وادی کی طرف چھوڑ دیاگیا ۔ادھردراس ،منی مرگ، گومری، زوجیلا اورسونمرگ میں رواں برس کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔سونمرگ میں دو انچ، پنجترنی میں ایک فٹ، زوجیلا میںپانچ انچ برف ریکارڈ کی گئی ، جس کی وجہ سے سرینگر لیہہ شاہراہ کو سڑک پر پھسلن کی وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کے لئے عارضی طور پر بند کردیا تاہم باڈر روڈ آرگنائزیشن نے زوجیلا سے برف صاف کر کے بعد دوپہر شاہراہ کو دونوں طرف سے ٹریفک کیلئے بحال کیا گیا ۔گریز وادی میں منگل کے روز تازہ برف باری کے بعد وادی کا کشمیر سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ایک عہدیدار نے بتایا کہ بانڈی پورہ۔گریز سڑک پر واقع رازدان ٹاپ پر تقریباً چار سے پانچ انچ تازہ برفباری ہوئی، جس کے نتیجے میں یہ اہم شاہراہ بند ہوگئی۔برف باری کے باعث متعدد گاڑیاں راستے میں پھنس گئیں تاہم علاقے میں تعینات بارڈر سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافروں اور گاڑیوں کو محفوظ مقام پر پہنچایا۔ادھر، علاقے کے ایک اور دور دراز حصے تلیل وادی میں بھی تازہ برف باری ریکارڈ کی گئی۔