جموں//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے کسان گھر نروال منڈی جموں میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران کشمیر صوبہ کی ڈھلوانوں پر قائم باغات کو کمیونٹی بنیادوں پر آبپاشی سہولیات کو ترقی دینے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کارکردگی کا جائزہ لیا۔وزیر موصوف نے اس سے قبل بلائی گئی میٹنگ میں لئے گئے فیصلوں کی عملا ٓوری کا بھی جائزہ لیا۔میٹنگ میں سیکرٹری ہارٹیکچر منظور احمد لون ، ڈائریکٹر ہارٹیکلچر جموں انورادھا گپتا اور ناظم ہارٹیکلچر کشمیر منظور احمد قادری کے علاوہ باغبانی اور صحت عامہ و آبپاشی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ریاست میں باغبانی شعبے کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے بشارت بخاری نے میوہ باغات کے لئے بہتر آبپاشی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو اس سلسلے میں سائنسی بنیادوں پر منصوبے ترتیب دینے اور عملی اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔واضح رہے کہ اس ضمن میں باغبانی شعبے میں ڈپٹی ڈائریکٹر سینٹر کشمیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔اس کمیٹی نے آبپاشی سہولیات میں بہتری کے لئے اپنی رپورٹ پیش کی ہے۔بشارت بخاری نے افسران کو بورویل اور دیگر آبپاشی وسائل سے پانی حاصل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے اور جنوبی کشمیر کے شانگس و کوکر ناگ او رشمالی کشمیر کے کھارچک و بانڈی پورہ علاقوں کی گنجائش کو بروئے کار لانے کی ہدایت دی تاکہ آبپاشی سہولیات میں مزید بہتری لائی جاسکے ۔بشارت بخاری نے ایسے علاقوں کی نشاندہی کرنے کے لئے بھی کہا جہاں آبپاشی کی سہولیات دستیاب نہیں ہے تاکہ ان علاقوں کو کمیونٹی بنیادوں پر آبپاشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔رقومات کا بھرپور اور منصفانہ استعمال کرنے پر زور دیتے ہوئے وزیر نے رقومات کے تصرف کے لئے مختلف اجزا کے مرکب پر زور دیا تاکہ کسان مستفید ہوسکیں۔وزیر نے محکمہ کے افسران کو ہدایت دی کہ وہ باغبانی کے شعبے میں سرکار کی جانب سے شروع کی گئی سکیموں کی وسیع تشہیر کریں اور متعلقین کو اس بارے میں ضروری جانکاری فراہم کریں۔بشارت بخاری نے افسران کو ضرور توں اور دستیاب وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف پروجیکٹوں کے لئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے مرحلہ وار طریقے پر بور ویل نصب کرنے کی بھی ہدایت دی۔میٹنگ میں دیگر کئی معاملات پربھی غور و خوض کیا گیا۔