سرینگر//باغبانی کے وزیر سید بشارت بخاری نے کہا ہے کہ ہارٹیکلچر محکمہ میں افرادی قوت کو مناسب ڈھنگ سے تقویت بخشنے کے ضمن میں اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ مختلف پروگراموں اور سکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنا کر اس سیکٹر کو دوام بخشا جا سکے ۔ وزیر موصوف سرینگر میں محکمہ میں خالی پڑی اسامیوں کو تیزی سے پُر کرنے کے عمل کا جائیزہ لے رہے تھے ۔ سیکرٹری ہارٹیکلچر منظور احمد لون ، چئیر مین ایس ایس آر بی اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ وزیر موصوف نے چئیر مین ایس ایس آر بی کو ہدایت دی کہ وہ ایجنسی کو پہلے ہی ریفر کی گئی آسامیوں کی تیز تر بھرتی عمل میں لائیں ۔ انہوں نے کہا کہ افرادی قوت کی کمی سے محکمہ کا کام کاج متاثر ہو رہا ہے اور میوہ اگانے والوں تک مناسب سہولیات نہیں پہنچ پاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ باغبانی شعبے کو ریاست کی اقتصادیات میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے لہذا اسے فروغ دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں۔ بخاری نے ایس ایس آر بی کو ریفر کی گئی 286 اسامیوں کو دسمبر 2017 تک پُر کرنے کی ہدایات دیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سطح پر درجہ چہارم کی آسامیوں کو بھی پُر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔وزیر نے محکمانہ یا ڈویژنل سطح کی پرموشن کمیٹیوں کی میٹنگیں منعقد کرانے کی ہدایت دی تا کہ اہل افسروں کو ترقیوں سے نوازہ جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے سے افسروں اور اہلکاروں کی مشکلات بھی دور ہوں گی ۔