۔1989کے بعد شمالی کشمیر کی نشست پر ریکارڈ ووٹنگ کی شرح
پرویز احمد
سرینگر //جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے کہا کہ بارہمولہ پارلیمانی انتخاب میں سوموار کو 5ویں مرحلہ کے دوران ریکارڈ پولنگ ہوئی اور پہلی مرتبہ 59فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 5سال کے دوران وادی میں جو امن کی فضا بحال ہوئی ہے، اس نے پارلیمانی انتخابات میں لوگوں کی بڑھ چڑ کر شرکت کو یقینی بنایا ۔
پولنگ کے اختتام پر پریس کانفرنس کے دوران پی کے پولے نے بتایا کہ 1967میں بارہمولہ حلقہ انتخاب میں 51.35فیصد ووٹنگ ہوئی تھی لیکن سوموار کو یہ ریکارڈ ٹوٹ گیا اور مجموعی پولنگ 59فیصد درج کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوارہ اسمبلی حلقہ میں سب سے زیادہ 67.50فیصد ووٹنگ ہوئی جبکہ گریز میں 40.82فیصد ووٹنگ درج کی گئی ۔ پی کے پولے نے دیگر اسمبلی حلقوں میں ہوئی شرح کے بارے میں بتایا کہ کرناہ میں 61.87 فیصد،ترہگام میں 62.56، کپوارہ میں 60.29، لولاب میں.0 58،ہندوارہ 72.0، لنگیٹ میں 66.05، سوپور میں 44.36، رفیع آباد میں 57.39، اوڑی میں 62.92، بارہمولہ میں 52.15،گلمرگ میں 59.52، واگورہ کیریری میں 49.79، پٹن میں 60.01، سونہ واری میں 64.73، بانڈی پورہ میں 60.24، گریز میں 40.82، بیروہ میں 58.80اور بڈگام میں 52.0فیصد پولنگ ہوئی ۔
انہوں نے کہا کہ کچھ پولنگ سٹیشنوں میں شام 6بجے کے بعد بھی پولنگ چل رہی ہے اسلئے ان اعداد و شمار میں تبدیلی آسکتی ہے۔ مائیگرنٹ ووٹوں کی تفصیلات دیتے ہوئے پولے نے کہا کہ وادی چھوڑ کر گئے کشمیری پنڈتوں کیلئے جموں، دلی اور ادھمپور میں 26پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے جن میں 22ہزار کشمیر پنڈتوں کو ووٹ دینا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مائیگرنٹ ووٹروں میں ووٹنگ کی مجموعی شرح 32فیصد رہی ۔ ان کا کہنا تھا کہ ادھمپور اور دلی میں 50فیصد ووٹنگ ہوئی، اس کے علاوہ 5481مائیگرنٹ ووٹروں نے پوسٹل بیلٹ کا استعمال کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نشست بارہمولہ میں ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے 8ہزار پولنگ عملہ اور 10ہزار سیکورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا ۔ بھاری ووٹنگ کی وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے پی کے پولے نے بتایا کہ اس بار بارہمولہ پارلیمانی حلقہ میں کوئی تشدد ہوا نہ لوگوں نے ووٹنگ میں تاخیر کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے تمام جگہوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے تھے اور پولنگ عمل پر نظر رکھی جارہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سوپور میں ایک دفعہ 4فیصد پولنگ ہوتی تھی لیکن اس بار 44فیصد ووٹنگ ہوئی اور اس کا مطلب یہ ہے کہ لوگ جمہوری عمل پر یقین کررہے ہیں۔ پی کے پولے نے گذشتہ انتخابات کے اعداد و پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پارلیمانی حلقہ بارہمولہ میں1967میں 51.36فیصد، 1971میں 50.62فیصد،1977میں 56.97فیصد،1980میں 56.02فیصد،1984میں 59.09، 1989میں 5.48فیصد، 1996میں 46.65فیصد، 1996میں 46.65فیصد، 1998میں 41.94فیصد، 1999میں 27.79فیصد، 2004میں 35.65فیصد،2009میں 41.84فیصد، 2014میں 38.96فیصد اور 2019میں 37.41فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔