فیاض بخاری
بارہمولہ //قصبہ کے کانلی باغ علاقے میں آگ کی ایک شبانہ واردات میں 8رہائشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔یہاں فائر سروس عملہ نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن انہیں پانی نہ ملنے سے دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔چھری مار پورہ کانلی باغ میں فرنیچر کے ایک کارخانہ میں رات ساڑھے 9بجے کے قریب آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً رہائشی بستی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔فائر سروس عملہ اور پولیس کے علاوہ 46آر آر فوری طور پر یہاں پہنچ گئے اور آگ پر قابو پانے کی کارروائی کا آغاز کیا۔لیکن تب تک 8رہائشی مکان آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آچکے تھے۔رات دیر گئے تک آگ بجھانے کی کوششیں کی گئیں لیکن 8رہاشی مکانوں کو شدید نقصان پہنچا جبکہ فرنیچر کا کارخانہ مکمل طور پر تباہ ہوا۔قصبے میں پانی کی دستیابی کی کمی سے فائر سروس عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔تاہم بعد میں مقامی لوگوں کی کوششوں اور فائر سروس عملے کی مشترکہ کوششوں کی بدولت آگ پر قابو پایا گیا۔نقصان کا تخمینہ لاکھوں میں لگایا جارہا ہے۔